سعودی عرب نے اسلام قبول کرنے والوں کے لیے 'نیو مسلم کارڈ' سروس متعارف کرا دی

سعودی عرب نے اسلام قبول کرنے والوں کے لیے 'نیو مسلم کارڈ' سروس متعارف کرا دی

(ویب ڈیسک) سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی عرب نے ملک میں اسلام قبول کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے " نیو مسلم کارڈ" سروس متعارف کرا دی ہے۔

اس نئی سروس کا مقصد اسلام قبول کرنے کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور خودکار بنانا ہے تاکہ اعلانِ اسلام کے تمام مراحل آسانی اور شفاف انداز میں مکمل کیے جا سکیں۔

یہ کارڈ توکلنا (Tawakkalna) ایپ سے منسلک کیا گیا ہے، جہاں منظوری ملتے ہی یہ فوری طور پر صارف کے اکاؤنٹ میں ظاہر ہو جاتا ہے۔ سعودی ڈیٹا اینڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس اتھارٹی (SDAIA) کے ساتھ انضمام کے ذریعے صارفین اس کی آسانی سے تصدیق بھی کر سکتے ہیں۔

کارڈ پر موجود کیو آر (QR) کوڈ اس کی اصلیت اور اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ اسے متعلقہ سرکاری ادارے نے باضابطہ طور پر جاری کیا ہے۔

وزارت کے مطابق اس اقدام سے ڈیٹا کے معیار کو بہتر بنانے، درست رپورٹس اور اعداد و شمار تیار کرنے میں مدد ملے گی، جس سے منصوبہ بندی اور فیصلہ سازی کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جا سکے گا۔

سعودی عرب گزشتہ چند برسوں کے دوران مسلمانوں اور حج و عمرہ کے لیے آنے والے زائرین کی سہولت کے لیے متعدد ڈیجیٹل اقدامات متعارف کرا چکا ہے۔

ان میں نسک (Nusuk) ڈیجیٹل پلیٹ فارم نمایاں ہے، جو عمرہ اور وزٹ ویزا کی درخواست، پرمٹ کی بکنگ، مدینہ منورہ میں روضۂ رسول ﷺ کی زیارت کے اوقات کی ریزرویشن، رہائش اور ٹرانسپورٹ کے انتظامات، نیز مختلف زبانوں میں مذہبی رہنمائی جیسی سہولیات فراہم کرتا ہے۔

اسی طرح پِلگرِم ایکسپیرینس پروگرام (PEP)، جو 2019 میں شروع کیا گیا، کا مقصد زیادہ سے زیادہ مسلمانوں کو حج اور عمرہ کی ادائیگی میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت زائرین کو سفر سے قبل، دورانِ حج و عمرہ اور بعد از واپسی بہتر ٹرانسپورٹ، رہائش، صحت اور مہمان نوازی کی سہولیات فراہم کی جاتی ہیں، جبکہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے اسلامی تاریخی مقامات کے تحفظ اور ترقی پر بھی توجہ دی جاتی ہے۔

مکہ روٹ انیشی ایٹو بھی سعودی حکومت کا ایک اہم منصوبہ ہے، جس کے تحت شریک ممالک کے عازمین اپنے ملک میں ہی ویزا، بائیومیٹرک رجسٹریشن، کسٹمز، امیگریشن، طبی معائنہ اور سامان کی کارروائی مکمل کر لیتے ہیں۔

حال ہی میں سعودی عرب نے ملٹی پل انٹری عمرہ ویزا بھی متعارف کرایا ہے، جس کے تحت ویزا ہولڈر اجرا کی تاریخ سے ایک سال (365 دن) کے دوران متعدد بار سعودی عرب میں داخل ہو سکتا ہے۔

Watch Live Public News