راولپنڈی: سکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں دو مختلف کارروائیوں میں تین دہشت گردوں کو ہلاک کردیا ہے جبکہ تین گرفتار ہیں ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان میں خفیہ اطلاعات پر دو آپریشنز کیے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پہلے آپریشن میں اہم کمانڈر سمیت تین دہشت گردوں گرفتار کیا گیا ہے جبکہ دوسرے آپریشن میں تین دہشت گرد مارے گئے۔ ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ دونوں آپریشنز کے دوران بڑی تعداد میں ہتھیار، گولیاں اور آئی ای ڈیز برآمد ہوئے ہیں ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق تمام دہشت گردوں کا تعلق حافظ گل بہادر گروپ سے ہے، دہشت گرد فورسز پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ اور اغوا برائے تاوان میں ملوث ہیں۔