اسلام آباد: وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ اسحاق ڈار کے نام پر تمام جماعتیں متفق ہوئیں تو وہ نگران وزیراعظم ہونگے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا کہ موجودہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے نام پرتمام جماعتیں متفق ہوئیں تووہ نگران وزیراعظم ہونگے، نگران وزیراعظم پر پارٹی میں کوئی گفتگو نہیں ہوئی، میرے سامنے نگران وزیراعظم پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا جو بھی فیصلہ ہوگا اس پر کابینہ کو اعتماد میں لیا جائےگا۔ احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کے آخری ہفتےمیں نگران سیٹ اپ پراتفاق ہوجائے گا، 9 مہینے کے آئی ایم ایف پروگرام پر نگران سیٹ اپ میں عمل درآمد ہونا ہے۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ تین سال کے پروگرام کا معاہدہ کرنا پڑے گا، ہمیں مستحکم حکومت کی ضرورت ہے جس کے پاس 5 سال کامینڈیٹ ہو۔ وفاقی وزیر نے پروگرام میں کہا کہ میری ذاتی رائے ہے کہ مختصرسےمختصر وقت میں ہم الیکشن سےگزر جائیں، ہمیں جلدی الیکشن کرواکر مستحکم حکومت چاہیے تاکہ اصلاحات لاکر ملک کو معاشی مشکلات سے نکالیں۔ واضح رہے کہ موجودہ قومی اسمبلی کی مدت 12 اگست کو پوری ہو رہی ہے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف مدت سے پہلے حکومت چھوڑنے کا اعلان کرچکے ہیں۔