جناح ہاؤس حملہ کیس:عمر ایوب سمیت 41 ملزمان کوعدالت سےبڑاریلیف مل گیا

جناح ہاؤس حملہ کیس:عمر ایوب سمیت 41 ملزمان کوعدالت سےبڑاریلیف مل گیا
کیپشن: جناح ہاؤس حملہ کیس:عمر ایوب سمیت 41 ملزمان کوعدالت سےبڑاریلیف مل گیا

ویب ڈیسک: لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ اور جناح ہاؤس حملے کے کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل عمر ایوب، مسرت جمشید چیمہ اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر سمیت 41 ملزمان کی عبوری ضمانت میں توسیع کر دی۔

تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی عدالت کے جج خالد ارشد نے لاہور میں تھانہ شادمان جلاؤ گھراؤ اور جناح ہاؤس حملے کے کیس میں پی ٹی آئی رہنما مسرت جمشید چیمہ ، عمر ایوب ،اسد عمر سمیت 41 ملزمان کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی ۔اس موقع پر مسرت چیمہ، جمیشد چیمہ، غلام محی الدین سمیت دیگر عدالت میں پیش ہوئے۔

عدالت نے جناح ہاؤس حملہ کیس میں 28 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 31 جولائی تک توسیع کا حکم دے دیا۔

عدالت نے تھانہ شادمان جلاؤ گھراؤ کیس میں 13 ملزمان کی عبوری ضمانت میں 2 اگست تک توسیع کا حکم دے دیا۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے اسد عمر اور عمر ایوب کی ایک روزہ حاضری معافی کی درخواست منظور کرلی۔ 

یاد رہے کہ ملزمان کے خلاف تھانہ شادمان ٹاؤن اور تھانہ سرور روڈ میں جلاؤ گھیراؤ کا مقدمہ تھانہ شادمان پولیس نے درج کررکھا ہے۔

خیال رہے کہ 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی اسلام آباد ہائیکورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی کے کارکنوں کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

Watch Live Public News