(ویب ڈیسک ) آئی ایس پی آر کے مطابق تبدیلی کمان کی تقریب بحرین میں واقع US NAVCENT کے ہیڈکوارٹرز میں منعقد ہوئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاک بحریہ کے کموڈور عاصم سہیل ملک کمبائنڈ ٹاسک فورس-150 کے نئے کمانڈر تعینات ہوگئے ہیں، اس سے پہلے یہ کمان کینیڈین نیوی کے پاس تھی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق کمبائنڈ ٹاسک فورس-150 کا مشن سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے میری ٹائم سیکورٹی کو فروغ دینا ہے۔
کموڈور عاصم سہیل ملک کا کہنا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کیلئے پاک بحریہ دیگر ممالک کی بحری افواج کے ساتھ مل کر کام کرتی رہے گی۔CTF-150 کے زیر نگرانی علاقہ دنیا کے چند پیچیدہ اور اہم بین الاقوامی پانیوں پر مشتمل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کمبائنڈ ٹاسک فورس-150 کی 13ویں بار کمان کی ذمہ داری دراصل شراکت دار بحری افواج کی جانب سے پاک بحریہ پراعتماد کی مظہر ہے۔ تبدیلی کمان کی تقریب میں پاکستان اور کینیڈا کے سفیروں، کمانڈر کمبائنڈ میری ٹائم فورسز، کمانڈر رائل بحرین نیوی اور کمبائنڈ میری ٹائم فورسز کی دیگر بحری افواج کے نمائندگان نے شرکت کی۔