سلامتی کونسل مباحثہ:بھارت دہشتگردی کی منظم سرپرستی کررہا ہے، پاکستان

سلامتی کونسل مباحثہ:بھارت دہشتگردی کی منظم سرپرستی کررہا ہے، پاکستان
کیپشن: سلامتی کونسل مباحثہ:بھارت دہشتگردی کی منظم سرپرستی کررہا ہے، پاکستان

ویب ڈیسک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں کھلے مباحثے کے دوران پاکستان کے مستقل مندوب عثمان جدون نے بھارت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشتگردی کی منظم سرپرستی اور معاونت کر رہا ہے۔

بھارتی مندوب کی جانب سے لگائے گئے الزامات کا جواب دیتے ہوئے عثمان جدون نے کہا کہ بھارت نے ایک بار پھر عالمی فورم کو گمراہ کرنے کی کوشش کی، حالانکہ زمینی حقائق اس کے دعوؤں کے برعکس اور ناقابل تردید ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بھارت جموں و کشمیر پر غیرقانونی طور پر قابض ہے اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کی مسلسل خلاف ورزی کر رہا ہے۔ بھارت نے نہ صرف کشمیری عوام کو ان کے حق خودارادیت سے محروم رکھا بلکہ خود ہی اس تنازع کو اقوام متحدہ میں لایا اور اب انہی قراردادوں سے انحراف کر رہا ہے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ بدترین سلوک ہو رہا ہے، جس کی تصدیق بین الاقوامی انسانی حقوق کی تنظیمیں بھی کر چکی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کی کوشش پاکستان کے خلاف آبی جارحیت ہے اور یہ بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

عثمان جدون نے انکشاف کیا کہ 7 سے 10 مئی کے دوران بھارت نے پاکستان کے خلاف کھلی جارحیت کی جس کا پاکستان نے اپنے دفاع میں مؤثر اور ذمہ دارانہ جواب دیا، اس دوران بھارت کے 6 جنگی طیارے تباہ کیے گئے۔

آخر میں انہوں نے بھارت کو تنبیہ کی کہ وہ غرور اور جارحیت سے نکل کر حقیقت کا سامنا کرے اور اپنے رویے میں بہتری لائے۔

Watch Live Public News