ویب ڈیسک: ہینلے اینڈ پارٹنرز نے 2025 کی دوسری ششماہی کے لیے دنیا کے طاقتور ترین پاسپورٹس کی درجہ بندی جاری کر دی ہے، جس میں سنگاپور ایک مرتبہ پھر پہلے نمبر پر ہے۔
رپورٹ کے مطابق سنگاپور نے ایک مرتبہ پھر دنیا کا طاقتور ترین پاسپورٹ ہونے کا اعزاز حاصل کیا ہے، اس پاسپورٹ پر 193 ممالک میں ویزا فری یا ویزا آن ارائیول سہولت سے مستفید ہو ا جاسکتا ہے۔
جاپان اور جنوبی کوریا 190 ممالک کی رسائی کے ساتھ مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر ہیں، جب کہ جرمنی، اٹلی، فرانس، اسپین اور دیگر یورپی ممالک بھی ابتدائی دس پوزیشنز میں شامل ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ متحدہ عرب امارات نے غیرمعمولی پیش رفت کرتے ہوئے آٹھویں پوزیشن حاصل کی، جب کہ امریکا دس درجے نیچے آکر فہرست میں دسویں نمبر پر پہنچ چکا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کو صومالیہ اور یمن کے ساتھ 96ویں نمبر پر رکھا گیا ہے، جہاں اس کے شہری صرف 32 ممالک میں ویزا کے بغیر سفر کر سکتے ہیں۔ اس فہرست میں عراق، شام اور افغانستان پاکستان سے بھی نیچے ہیں۔
ہینلے انڈیکس ہر چھ ماہ بعد دنیا بھر کے پاسپورٹس کی درجہ بندی ویزا فری سہولیات کی بنیاد پر جاری کرتا ہے۔ اس کی بنیاد بین الاقوامی فضائی ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشن (IATA) کے ڈیٹا پر ہوتی ہے۔