ویب ڈیسک: بھارتی کرکٹ بورڈ ( بی سی سی آئی) کو نئی حکومتی پالیسی کے باعث شدید دباؤ کا سامنا ہے۔ بھارتی حکومت نے نیشنل اسپورٹس گورننس بل متعارف کروا دیا ہے، جس کے بعد بی سی سی آئی کو بھی دیگر قومی فیڈریشنز کی طرح حکومتی قواعد کے تابع ہونا پڑے گا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پارلیمنٹ سے منظوری کے بعد یہ بل تمام نیشنل اسپورٹس فیڈریشنز پر لاگو ہوگا۔ اس بل کے نفاذ کے بعد موجودہ بی سی سی آئی صدر راجر بنی اپنی عمر کی وجہ سے دوبارہ اس عہدے کے اہل نہیں ہوں گے، کیونکہ نئی پالیسی کے تحت صدر، سیکریٹری اور خزانچی کی عمر کی حد 70 سال مقرر کی گئی ہے۔
بی سی سی آئی کو اب ستمبر یا اکتوبر میں سالانہ جنرل کونسل اجلاس میں نئے صدر کے انتخابات کرانے ہوں گے، بصورت دیگر بورڈ پر پابندی عائد کی جا سکتی ہے، اور اسے کسی بھی بین الاقوامی ایونٹ میں بھارت کا نام استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
نئی پالیسی کے مطابق کسی بھی تنازعے کی صورت میں بی سی سی آئی یا کرکٹ ایسوسی ایشنز عدالت سے رجوع نہیں کر سکیں گی، بلکہ انہیں نیشنل اسپورٹس ٹرائبیونل سے رجوع کرنا ہوگا۔
بی سی سی آئی، جو اب تک خودمختار حیثیت سے کام کر رہا تھا، اس نئے بل کے بعد حکومتی دائرہ کار میں آجائے گا، جو بھارتی کرکٹ کے لیے ایک بڑا انتظامی چیلنج بن سکتا ہے۔