مون سون بارشیں اور سیلاب: پنجاب، خیبرپختونخوا میں 43 افراد جاں بحق، متعدد مکانات متاثر

مون سون بارشیں اور سیلاب: پنجاب، خیبرپختونخوا میں 43 افراد جاں بحق، متعدد مکانات متاثر
کیپشن: مون سون بارشیں اور سیلاب: پنجاب، خیبرپختونخوا میں 43 افراد جاں بحق، متعدد مکانات متاثر

ویب ڈیسک: پنجاب اور خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں اور سیلابی صورتحال کے باعث حادثات میں اب تک 43 افراد جاں بحق جبکہ متعدد زخمی ہوچکے ہیں، اس کے علاوہ کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

پنجاب میں 21 اموات، 154 افراد زخمی

ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق رواں مون سون سیزن کے دوران صوبے میں مختلف حادثات کے نتیجے میں 21 افراد جاں بحق اور 154 زخمی ہوئے۔ رپورٹ کے مطابق آسمانی بجلی گرنے سے 2، عمارتیں منہدم ہونے سے 15، کرنٹ لگنے سے 3 جبکہ پانی میں ڈوبنے سے ایک شخص جاں بحق ہوا۔ بارشوں کے باعث 38 مکانات کو جزوی نقصان پہنچا، جبکہ ایک مویشی بھی ہلاک ہوا۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارشوں کے باعث صوبے میں اربن فلڈنگ اور فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جس کے پیش نظر متعلقہ ادارے الرٹ ہیں۔

خیبرپختونخوا میں 22 افراد جاں بحق

دوسری جانب خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلابی ریلوں کے باعث حادثات میں 22 افراد جاں بحق جبکہ 23 زخمی ہوئے ہیں۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق جاں بحق افراد میں 9 مرد، 10 بچے اور 3 خواتین شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں 11 مرد، 5 خواتین اور 7 بچے شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بارشوں سے 37 مکانات متاثر ہوئے، جن میں 8 مکمل طور پر تباہ جبکہ 29 کو جزوی نقصان پہنچا۔

خیبرپختونخوا میں بارشوں سے متاثرہ اضلاع میں پشاور، نوشہرہ، خیبر، مردان، بونیر، باجوڑ، شانگلہ، صوابی، لوئر چترال، لوئر و اپر دیر، ایبٹ آباد، مانسہرہ، ہری پور، ٹانک، تورغر، کرم اور شمالی و جنوبی وزیرستان شامل ہیں۔

Watch Live Public News