لاہور: ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹرز کے نئے سنٹرل کنٹریکٹ کےاعلان میں تاخیر کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹ میں تاخیر چیئرمین پی سی بی کے انتخاب کی وجہ سے ہو گی ، سلیکشن کمیٹی ، شعبہ انٹرنیشنل اور ٹیم مینجمنٹ نے سنٹرل کنٹریکٹ کے لیے ابتدائی مشاورت کی۔ ذرائع کاکہنا ہے کہ قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ کی مدت 30 جون کو ختم ہو رہی ہے ۔ سنٹرل کنٹریکٹ کے اعلان میں تاخیر ہوئی بھی تو وہ یکم جولائی سے ہی شروع ہوں گے ، نئے سنٹرل کنٹریکٹ میں تبدیلیوں کا امکان ہے ، طریقہ کار میں تبدیلی کی جا سکتی ۔ خیال رہے کہ گزشتہ برس ریڈ بال اور وائٹ بال کٹگریز متعارف کرائی گئی تھیں، ریڈ بال اور وائٹ بال کٹگریز کے علاوہ اے ، بی اور سی کٹگریز کے ساتھ ایمرجنگ کٹگریز تھیں ۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ قومی کرکٹرز کے سنٹرل کنٹریکٹ میں 25 فیصد تک اضافے کا امکان ہے ، نئے کنٹریکٹ میں کئی کھلاڑیوں کی تنزلی ، ترقی اور کئی ڈراپ ہوں گے ۔ ذرائع کے مطابق اظہر علی ریٹائر ہونے پر کنٹریکٹ سے باہر ہو چکے ، فواد عالم اور یاسر شاہ کا جگہ برقرار رکھنا مشکل ہوگیا ہے۔اس کے علاوہ نعمان علی ، خوشدل شاہ ، عثمان قادر اور زاہد محمود کا بھی جگہ برقرار رکھنا دشوار ہے جبکہ حارث روف اور نسیم شاہ کو کنٹریکٹ میں ترقی مل سکتی ہے ، افتخار احمد صائم ایوب احسان اللہ زمان خان اور اسامی میر کو کنٹریکٹ ملنے کی امید ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ بورڈ میں تبدیلیوں کے باعث معاملہ تعطل کا شکار ہو گیا ۔ نئے چئیرمین کے آنے سے اب بورڈ میں کئی ایک تبدیلیوں کا امکان ہے، نئے چئیرمین کی آمد سے پالیسیوں اور فیصلوں کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا ، مینجمنٹ کمیٹی کی مدت مکمل ہونے پر اب قائم مقام چئیرمین الیکشن کمشنر ہیں ۔ یاد رہے کہ پی سی بی چیئرمین کا انتخاب 27 جون کو شیڈول ہے۔