لاہور: نگران وزیر اطلاعات عامر میر کا کہنا ہے کہ پنجاب بھر میں پٹرول پمپس کے عرصہ دراز سے زیرالتوا 532 این او سیز جاری کردیے گئے ہیں ۔ بےروزگاری کے خاتمے اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب نے تاریخی فیصلہ کیا ہے۔نگران وزیر اطلاعات عامر میر نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں پٹرول پمپس کے عرصہ دراز سے زیرالتوا 532 این او سیز جاری کردیے گئے ہیں، ریکارڈ کی چھان بین کے بعد این او سی کے اجراء کی 879 درخواستیں مسترد ہوئیں۔ عامر میر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سید محسن نقوی کے احکامات سے قبل پنجاب بھر میں 1422 درخواستیں زیر التوا تھیں۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے متعلقہ حکام کو تمام رکے ہوئے این او سیز فوری جاری کرنے کے احکامات دیے تھے۔ نگران صوبائی وزیر اطلاعات کا کہنا ہے کہ نئے پٹرول پمپس لگنے سے ملازمتوں کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے۔ ہر پٹرول پمپ پر اوسطا 30 سے 35 لوگوں کو روزگار ملے گا۔ پمپس کو این او سیز کے اجراء میں غیر ضروری تاخیر ہرگز قابل قبول نہیں۔ قانونی تقاضے پورے کر کے پٹرول پمپس کے این او سیز کا فورا اجراء کیا جائے۔