پاکستان کی معاشی بحالی میں اکنامک ریوائیول پلان سنگ میل ثابت ہوگا، وزیراعظم

پاکستان کی معاشی بحالی میں اکنامک ریوائیول پلان سنگ میل ثابت ہوگا، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی بحالی میں اکنامک ریوائیول پلان سنگ میل ثابت ہوگا، سرمایہ کاری میں رکاوٹیں دور کرنے کے لئے سپیشل انوسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل بنادی ہے۔ وزیراعظم شہبازشریف نے فرانس میں مقیم پاکستانی برادری سے ملاقات کی، ملاقات میں پاکستان بزنس فورم کے نمائندوں نے بھی شرکت کی ۔ ملاقات میں وزیراطلاعات مریم اورنگزیب اور وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے ، فرانس میں مقیم پاکستانیوں نے وزیراعظم کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے اظہار خیال کیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی وطن کے سفیر اور قیمتی اثاثہ ہیں، بیرون ملک پاکستانیوں کی وطن کی ترقی کے لئے خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، ایک سال میں پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا، نہایت کٹھن فیصلوں سے گزر کر یہاں تک پہنچے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ چار سال میں معیشت تباہ، بے روزگاری اور مہنگائی آسمان پر پہنچا دی گئی، پاکستان خارجہ محاذ پر تنہائی کا شکار تھا، ایک سال کی مسلسل محنت سے خارجہ تعلقات بحال کئے، پاکستان کی معاشی بحالی میں اکنامک ریوائیول پلان سنگ میل ثابت ہوگا، سرمایہ کاری میں رکاوٹیں دور کرنے کے لئے سپیشل انوسٹمنٹ فسیلی ٹیشن کونسل بنادی ہے، پاکستان کی معاشی خودمختاری، ترقی اور مضبوطی ہی پاکستان کا مستقبل محفوظ بناسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی 9 مئی کے واقعات کی پرزور مذمت کریں، 9 مئی کو آگ لگانے والے اپنے جھوٹ سے بیرون ملک آگ بھڑکارہے ہیں، بیرون ملک پاکستانی اپنے اپنے ممالک میں پاکستان کے خلاف جھوٹ بے نقاب کرنے میں بھرپور کردار ادا کریں۔

Watch Live Public News

ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔