ویب ڈیسک:حکومت پاکستان نے بھارتی طیاروں کے لیے اپنی فضائی حدود بند رکھنے کے فیصلے میں مزید ایک ماہ کی توسیع پر غور شروع کر دیا ہے۔ اس حوالے سے نیا نوٹم (NOTAM) آج سہ پہر تک جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق ذرائع کا کہناہےکہ پاکستان نے 24 اپریل کو بھارتی پروازوں کے لیے اپنی فضائی حدود بند کی تھی، جس کے بعد 23 مئی کو اس پابندی میں ایک ماہ کی توسیع کی گئی تھی۔ موجودہ نوٹم آج اپنی معیاد مکمل کر رہا ہے، جس کے بعد نئی مدت کا نوٹیفکیشن متوقع ہے۔
متوقع نوٹم میں بھارت کے لیے فضائی حدود کی بندش کی تازہ تفصیلات شامل ہوں گی۔ یہ اقدام پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری کشیدہ صورتحال کے پیش نظر اُٹھایا گیا تھا، جس کا بنیادی مقصد ملکی فضائی سلامتی کو یقینی بنانا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس پابندی سے بھارتی فضائی ٹریفک کو متبادل اور طویل فضائی راستے اختیار کرنے پڑ رہے ہیں، جس سے انہیں لاجسٹک مسائل اور اضافی اخراجات کا سامنا ہے۔ تاہم، پاکستان کی فضائی حدود دیگر بین الاقوامی پروازوں کے لیے حسبِ معمول کھلی رہیں گی۔