امریکا کے بعد اسرائیل کا ایک بارپھر ایران کےفردو جوہری سائٹ پر حملہ

امریکا کے بعد اسرائیل کا ایک بارپھر ایران کےفردو جوہری سائٹ پر حملہ
کیپشن: امریکا کےبعد اسرائیلی فوج کا ایران کی فردو ایٹمی سائٹ پر حملہ

ویب ڈیسک: امریکا کے بعد اسرائیلی فوج نے بھی ایران کی ایٹمی تنصیبات فردو پر حملہ کر دیا، ایرانی حکام نے فردو ایٹمی سائٹ پر اسرائیلی حملے کی تصدیق کر دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اسرائیل نے ایران پر حملوں میں ہر حد پار کرتے ہوئے ایران کی ایٹمی سائٹ فردو پر حملہ کردیا۔

ایرانی حکام نے تصدیق کر تے ہوئے کہاکہ ایران کے شہر کرج اور تہران پر بھی میزائل حملے کیے گئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اسرائیلی حملوں کے بعد تہران میں زوردار دھماکے سنے گئے ہیں جبکہ شمالی تہران میں بجلی کی فراہمی منقطع ہو گئی ہے۔

اسرائیل نے ایران کے سرکاری نشریاتی ادارے کے ہیڈکوارٹر کو بھی نشانہ بنایا اور تہران میں یونیورسٹی پر بمباری کی۔ 

ادھر قم کے صوبائی عہدیدار نے اسرائیل کے فردو جوہری تنصیب کو نشانہ بنانے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ جوہری پلانٹ میں دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں۔

ایرانی میزائل حملے سے جنوبی اسرائیل میں بجلی بند، کئی شہروں میں دھماکے

ایران نے صہیونی حملوں کے بعد جوابی کارروائی کرتے ہوئے اسرائیل پر کئی میزائل داغے ہیں جس کے بعد جنوبی اسرائیل میں ایک میزائل نے پاور پلانٹ کو نشانہ بنایا ہے جس کے نتیجے میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے، کئی اسرائیلی شہروں میں دھماکے سنے گئے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق آج اسرائیل پر کیے گئے حملے میں خیبر شکن ، عماد، قدر، فتاح ون میزائل استعمال کیے گئے۔

قطری نشریاتی ادارے کے مطابق اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ اسرائیل الیکٹرک کارپوریشن نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایک اسٹریٹجک انفرااسٹرکچر کے قریب میزائل گرا ہے، جس کے نتیجے میں کئی قصبات میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔

حملے کے دوران تقریباً 35 منٹ تک سائرن بجتے رہے، اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی عوام نے ایران کے خلاف جنگ شروع ہونے کے بعد آج سب سے طویل وقت پناہ گاہوں میں گزارا ہے۔

 اسرائیلی فوج نے ایکس پر ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران نے اسرائیل کی جانب 6 میزائل داغے ہیں، اسرائیلی میڈیا کے مطابق نہاریا، گشر حزیو، حیلا، میعونا اور میعیلیا سمیت کئی شہروں میں سائرن بجنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کے اوپر ایک میزائل کو بلند فضا میں اڑتے دیکھا گیا، جس کے بعد فاصلے پر متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

 اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک کم از کم 4 مقامات پر میزائل گرنے کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں ایک اشدود اور ایک مغربی مقبوضہ بیت المقدس کے جنوب میں واقع ہے، تاہم ان مقامات کی نوعیت یا وہاں کیا نشانہ بنایا گیا، اس بارے میں واضح معلومات دستیاب نہیں ہیں، کیونکہ اسرائیل میں فوجی سنسر شپ کے تحت ویڈیوز یا معلومات شیئر کرنے پر سخت پابندیاں عائد ہیں اور خلاف ورزی پر قید کی سزا بھی دی جا سکتی ہے۔

اسرائیل کاایران میں 6 ہوائی اڈوں پر حملے کا دعویٰ

ایران اور اسرائیل کے درمیان کشیدگی نئے خطرناک مرحلے میں داخل ہو گئی ہے، جب اسرائیلی فضائیہ نے ایران کے مختلف حصوں میں کم از کم چھ ہوائی اڈوں کو نشانہ بنایا، جب کہ ایران نے اس کے ردعمل میں اسرائیل پر میزائل حملے کیے، جس کے نتیجے میں کئی شہروں میں خطرے کے سائرن بجنے لگے۔

  اسرائیل کا بڑا حملہ: 15 ایرانی طیارے تباہ کرنے کا دعویٰ
اسرائیلی ذرائع ابلاغ کے مطابق، ان حملوں میں ایران کے رن ویز، زیر زمین بنکرز، ایندھن بردار طیارہ، اور ایف-14، ایف-5، اے ایچ-1 طیاروں کو نقصان پہنچایا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ تقریباً 20 لڑاکا طیاروں نے مخصوص انٹیلی جنس کی بنیاد پر یہ آپریشن کیا، جس سے ایران کی فضائی قوت کو بڑا دھچکا پہنچا۔

ایرانی ردعمل: جدید ڈرون مار گرایا، میزائل حملہ
ایرانی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ صوبہ لورستان کے شہر خرم‌آباد میں اسرائیل کا جدید ہرمس 900 ڈرون مار گرایا گیا۔ ساتھ ہی ایرانی میڈیا نے ڈرون کی تباہی کی فوٹیج بھی جاری کی ہے۔

ایران نے جواباً اسرائیل پر میزائل داغے جس کے بعد نہاریا، حیلا، میعونا، گشر حزیو، اور میعیلیا سمیت متعدد شہروں میں خطرے کے سائرن بجے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ دفاعی نظام میزائل حملوں کو ناکام بنانے کے لیے سرگرم ہو چکا ہے۔

اسرائیلی حملے میں ایرانی اہلکار شہید
ایرانی نیوز ایجنسی "تسنیم" کے مطابق، یزد میں پاسدارانِ انقلاب کے 10 اہلکار شہید ہو گئے ہیں۔ حملوں کے دوران تہران کے جنوب مشرق میں واقع حساس فوجی کمپلیکس پارچین اور کرَج کے علاقے میں بھی فضائی دفاعی نظام فعال کیا گیا۔

تہران اور دیگر شہروں کی فضا میں ڈرونز کی گونج
ایرانی ذرائع ابلاغ کے مطابق، تہران کی فضا میں کئی ڈرونز نظر آئے جنہیں فضائی دفاعی نظام نے نشانہ بنایا۔ مختلف علاقوں میں زوردار دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔ اس دوران یورینیم افزودگی کے پرزہ جات بنانے والے علاقے کرَج میں بھی حملوں کی اطلاعات ملی ہیں۔

اسرائیلی مؤقف: ایران کا میزائل ناکام، کوئی جانی نقصان نہیں
اسرائیلی ڈیفنس فورس نے کہا ہے کہ ایران کی جانب سے داغا گیا ایک میزائل ہدف سے ٹکرا گیا لیکن اُس وقت سائرن فعال نہیں ہوا۔ تحقیقات سے تصدیق ہوئی کہ یہ میزائل ایرانی تھا اور کوئی دفاعی میزائل غلطی سے فائر نہیں ہوا۔

Watch Live Public News