(ویب ڈیسک ) ایرانی نائب وزیر برائے خارجہ امور برائے تعلیم و تحقیق سعید خطیب زادہ نے کہا ہے کہ ایران اپنی خودمختاری اور عوام کے تحفظ کے لیے آخری دم تک لڑنے کو تیار ہے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں خطیب زادہ نے کہا کہ ایران، اسرائیل کی "خطرناک، اشتعال انگیز اور غیر ذمہ دارانہ سرگرمیوں" کو روکنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 13 جون سے شروع ہونے والے اسرائیلی حملے "غیر منصفانہ اور بلا جواز" ہیں، اور ایران ان کا بھرپور جواب دینے کے لیے پرعزم ہے۔
سعید خطیب زادہ نے مزید کہا"ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں، ہم مقابلہ جاری رکھیں گے۔"
انہوں نے 1980 سے 1988 تک جاری رہنے والی ایران-عراق جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایران نے پہلے بھی لمبی جنگیں لڑی ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو اب بھی پیچھے نہیں ہٹے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ "ہم ہر صورت اپنے دفاع کے لیے تیار ہیں اور آخری حد تک جانے کے لیے بھی تیار ہیں۔"