12 ارب ڈالر کے منجمد ایرانی اثاثے جاری کرنے کے معاہدے پر دستخط ہوگئے، باقر قالیباف کی تصدیق

12 ارب ڈالر کے منجمد ایرانی اثاثے جاری کرنے کے معاہدے پر دستخط ہوگئے، باقر قالیباف کی تصدیق
کیپشن: 12 ارب ڈالر کے منجمد ایرانی اثاثے جاری کرنے کے معاہدے پر دستخط ہوگئے، باقر قالیباف کی تصدیق

ویب ڈیسک: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے تصدیق کی ہے کہ ایران کے منجمد اثاثوں میں سے 12 ارب ڈالر جاری کرنے سے متعلق دستاویزات پر دستخط مکمل ہو چکے ہیں۔

اپنے بیان میں محمد باقر قالیباف نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے دوران رابطے اور رابطہ کاری کا ایک مؤثر نظام قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے، جس کا مقصد خطے میں کسی بھی ممکنہ تصادم، غلط فہمی یا کشیدگی سے بچنا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ سوئٹزرلینڈ میں ہونے والے مذاکرات کے دوران لبنان کی علاقائی سالمیت اور خودمختاری کے احترام اور تحفظ سے متعلق بھی اتفاقِ رائے پایا گیا۔

ادھر ایرانی مذاکراتی ٹیم کے سربراہ محمد باقر قالیباف اور وزیر خارجہ عباس عراقچی آبنائے ہرمز سمیت اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بات چیت کے لیے عمان پہنچ گئے ہیں، جہاں سفارتی مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔

دوسری جانب امریکی محکمہ خزانہ نے ایران کے حوالے سے ایک اہم جنرل لائسنس جاری کیا ہے، جس کے تحت محدود مدت کے لیے ایرانی خام تیل اور دیگر پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت کی اجازت دی گئی ہے۔ اس فیصلے کے مطابق ایران 21 اگست تک عالمی منڈی میں خام تیل اور پیٹرولیم مصنوعات کی برآمدات جاری رکھ سکے گا۔

اس سے قبل سوئٹزرلینڈ میں ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ حتمی معاہدے کے لیے 60 روزہ روڈ میپ کی منظوری دی گئی تھی۔ فریقین نے مذاکرات کی نگرانی کے لیے ایک مشترکہ کمیٹی کے قیام پر بھی اتفاق کیا، جس کے بعد مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا۔

امریکی وزیر خزانہ اسکاٹ بیسنٹ کے مطابق شمالی کوریا، کیوبا اور یوکرین کے حوالے سے ایرانی تیل کی خریداری پر عائد پابندیاں بدستور برقرار رہیں گی۔

Watch Live Public News