ویب ڈیسک: ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شکرپڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی روایتی پریڈ کا انعقاد کیا گیا، جس میں سیاسی و عسکری قیادت سمیت سعودی وزیردفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیزالسعود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ چین اور آذربائیجان کے فوجی دستے بھی شریک ہوئے، پاک فضائیہ کے لڑاکا طیاروں نے شاندار فلائی پاسٹ کیا، تقریب کے اختتام پر صوبوں کی ثقافت کے رنگ بکھر گئے۔
یوم پاکستان کی مرکزی تقریب کا باقاعدہ آغاز قومی ترانےسے ہوا۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہبازشریف، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا اور آرمی چیف جنرل سیدعاصم منیر، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف اور پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سمیت دیگر مہمان پریڈ میں شریک ہوئے۔
صدر مملکت آصف زرداری نے پریڈ کا معائنہ کیا۔ پریڈ میں شریک تمام فورسز نے شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کیا، جسے شرکاء کی جانب سے سراہا گیا۔
یوم پاکستان پریڈ پر شاندار فلائی پاسٹ، ایس ایس جی کمانڈوز کی بھی مہارت
یوم پاکستان پر اسلام آباد کے شکر پڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی پریڈ میں شاندار فلائی پاسٹ توجہ کا مرکز بنا رہا ، جبکہ دیگر فورسز کی طرح ایس ایس جی کمانڈوز نے بھی اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے خوب داد سمیٹی۔
فلائی پاسٹ میں میراج لڑاکا طیارے ، پاکستان کی پہچان جے ایف 17 تھنڈر، ایف 7 پی جی چیتا لڑاکا طیاروں، جدید ترین لڑاکا طیارے جے 10 سی نے بھی حصہ لیا۔ اور شاندار فلائی پاسٹ کرکے ناظرین کو خوب محفوظ کیا۔
اس کے علاوہ پاک بحریہ کے اینٹی سب میرین لڑاکا طیاروں، پاک فضائیہ کے ٹرانسپورٹ طیارے سی ون تھرٹی اور جدید ترین جاسوسی نظام سے لیس طیاروں سمیت دیگر ایئر کرافٹ اور ہیلی کاپٹرز نے بھی شاندارفلائی پاسٹ کا مظاہرہ کیا۔
اللہ ہو کے نعرے بلند کرتے ہوئے ایس ایس جی کمانڈوز کی آمد ہوئی۔ تمام ہی فورسز کی طرح ایس ایس جی کمانڈوز نے بھی اپنی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا مظاہرہ کرکے خوب داد سمیٹی۔
شیردل کا مںفرد مظاہرہ
آسمان پر رنگوں بکھیرنے والے سات طیاروں نے خوب مہارت دکھائی۔
پوری دنیا میں اپنے نام اور منفرد انداز پہچان رکھنے والے شیر دل اسکواڈرن نے عملی مظاہرہ کیا۔
700 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ شیر دل نے دلکش مظاہرہ دکھایا۔ پائلٹس کی مہارت کو دیکھ کر ناظرین بھی داد دیے بنا نہ رہ سکے۔
جدید ٹینک اور میزائل
دشمن کے دلوں پر ہیبت طاری کرنے والے اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ مسلح افواج کے ٹینک اور مزائل سسٹم بھی پریڈ گراونڈ لائے گئے۔
پریڈ میں حیدر اور خالد ٹینک کا دستہ آیا تو ہیوی انڈسٹری ٹیکسلا کی تیارکردہ اے پی سی بھی پریڈ کا حصہ تھی۔ اے پی سی دشمن کے ٹنیکوں کے خلاف ایک انتہائی تباہ کن ہتھیار ہے ، توپ خانے کے دستے نے بھی سلامی پیش کی۔
اس کے علاوہ غوری ، شاہین ، اور ابابل میزائل کے ساتھ جدید ترین ریڈار ، میزائل اور ریڈار کنٹرول گن بھی پریڈ کی زینت بنی۔
پریڈ میں پاکستان کی خوبصورت ثقافت کی عکاسی کرتے مختلف صوبوں کےفلوٹس نے بھی شرکاء کی توجہ حاصل کی۔
وزیر اعظم کو قومی پرچم پیش
12 اسکائی ڈائیورز کا فری فال کا شاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔
میجرجنرل عادل رحمانی نے قومی پرچم کے ہمراہ پریڈ گراؤنڈ میں لینڈنگ کی۔ میجرجنرل عادل رحمانی نے وزیراعظم کو قومی پرچم پیش کیا۔
وزیراعظم سے اسکائی ڈائیورز کی ملاقات بھی ہوئی اور تعارف بھی کروایا گیا۔
”پوچھے جو نام کوئی تو پاکستان بتانا“ کا خصوصی ملی نغمہ بھی پیش کیا گیا۔
پریڈ کے آخر میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے مسلح افواج کے افسران سے مصافحہ کیا اور پھر پریڈ ایونیوسے روانہ ہوگئے۔ پریڈ کے دوران صدر مملکت نے خطاب بھی کیا۔
صدر مملکت آصف علی زرداری کا تقریب سے خطاب
یوم پاکستان کی تقریب سے خطاب میں صدر پاکستان آصف علی زرداری نے قوم کو مبارکباد دی، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ قائداعظم کی دوراندیش قیادت نے جدوجہد سے آزادریاست قائم کی ہے، عہد کرتے ہیں پاکستان کی ترقی، سلامتی جان سے زیادہ عزیز رکھیں گے، قوم مختلف نشیب وفراز سے گزری ہے۔ قیام پاکستان سے اب تک ملک مختلف نشیب وفرازسے گزار، پاکستان نے مشکلات کے باوجود مختلف شعبوں میں ترقی کے منازل طے کیے ہیں۔
صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ پاکستان دفاعی اعتبارسے مضبوط ملک ہے، پاکستان کومختلف معاشی، سماجی، سیاسی چیلنجز کا سامنا ہے، وطن کی حفاظت کے لیے جان نچھاور کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، بے روزگاری اورغربت جیسے بڑے چیلنجز ہیں۔
خوشی ہے انتخابی عمل کے بعد جمہوری حکومت قائم ہوچکی ہیں۔ ہم سب کی ذمہ داری ہے تمام مشکلات کا مل کرحل نکالیں، ماضی کی طرح آج بھی پاکستان کوان چیلنجز سے نکال سکتے ہیں۔
پاکستان کی معیشت کے لیے ایس آئی ایف سی قائم کی گئی، ایس آئی ایف سی کے تحت مختلف شعبوں میں ترقی لائی جائے گی، امید ہے ایس آئی ایف سی کا منصوبہ معیشت کیلئےمثبت ثابت ہوگا۔
یوم پاکستان کی تقریب میں صدر پاکستان نے تقریب میں شرکت کرنے والے غیر ملکی ممالک کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ چین، سعودی عرب، یواےای، ترکیہ ودیگردوست ممالک کا شکریہ ادا کرتے ہیں، مشکل کی گھڑی میں چین، سعودی عرب ودیگر ممالک نے ہماری مدد کی ہے۔
صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطین کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستانی عوام کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہورہی ہیں، خطےمیں عدم استحکام کی وجہ کشمیر میں بھارتی مظالم ہیں ۔
توپوں کی سلامی
اس سے قبل یوم پاکستان کے موقع پر دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی گئی۔
وفاقی دارالحکومت میں31 توپوں کی سلامی دی گئی۔
صوبائی دارالحکومتوں میں21،21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔
نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔
یوم پاکستان کے موقع پر اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیا گیا۔
پاکستان کے بہادر اور متحد عوام ، وطن عزیز سے پر جوش محبت کا اظہار کررہے ہیں۔
یوم پاکستان کے موقع پر مزاراقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب:
یوم پاکستان کے موقع پر لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی، ایئر وائس مارشل طارق محمود نے تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اس موقع پر پاک فضائیہ کے خصوصی دستے نے مزار اقبال پر سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔
تقریب کے مہمان خصوصی ایئر وائس مارشل طارق محمود نے مزار اقبال پر پھول رکھے، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔