وزیر اعظم سے سعودی وزیر دفاع  کی ملاقات، دو طرفہ امور پر تفصیلی بات چیت

وزیر اعظم سے سعودی وزیر دفاع  کی ملاقات، دو طرفہ امور پر تفصیلی بات چیت

(ویب ڈیسک ) وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین  سلمان بن عبدالعزیز آل سعود ، سعودی ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

  وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے سعودی عرب کے وزیر دفاع  شہزادہ خالد بن سلمان  بن عبد العزیز آل سعود کی ملاقات ہوئی،   ملاقات میں وزیر دفاع خواجہ آصف اور  چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

ملاقات میں دو طرفہ امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی،اس کے علاوہ ملاقات میں علاقائی امن و سلامتی اور خطے کی سیکیورٹی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سیکیورٹی کے شعبے میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی بات چیت  کی گئی۔

وزیراعظم نے خادم حرمین شریفین لمان بن عبدالعزیز آل سعود ، سعودی ولی عہد اور وزیراعظم  شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے سعودی وزیر دفاع سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مشترکہ مذہب، تاریخ اور ثقافت پر منی دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں جو کہ وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  سعودی عرب نے ہر محاذ پر پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔  بطور وزیراعظم ان کے پچھلے دور سعودی عرب نے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کے لئے  کلیدی کردار ادا کیا جس کو پاکستان میں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔   پاکستانی عوام کے دلوں میں سعودی شاہی خاندان کے لئے ایک خاص مقام ہے۔ 

وزیراعظم نے سعودی وزیر دفاع سے کہا کہ ہم آپ کے بڑے بھائی سعودی ولی عہد حمد بن سلمان کے پاکستان کے دورے کا انتظار کر رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعظم نے  خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس کونسل کے قیام سے سرمایہ کاروں کے لئے ایک ون ونڈو آپریشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے جس سے کاروبار اور سرمایہ کاری میں آسانیاں پیدا ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں زراعت ، معدنیات ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان دفاعی کے ساتھ ساتھ معاشی تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے ۔

سعودی وزیر دفاع نے وزیر اعظم کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے یوم پاکستان کی پریڈ میں  بطور مہمان خصوصی مدعو کرنے کا پاکستان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ آج کی اس پریڈ میں انہیں پاکستان کی افواج کی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھنے کو ملا۔ انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ دورہ سعودی عرب کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات کے فروغ کے حوالے سے یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل تھا اور مفید ثابت ہوا۔