صدرمملکت،وزیراعظم کی قوم کو یوم پاکستان پر مبارکباد

صدرمملکت،وزیراعظم کی قوم کو یوم پاکستان پر مبارکباد
کیپشن: صدرمملکت،وزیراعظم کی قم کو یوم پاکستان پر مبارکباد

ویب ڈیسک: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے قوم کو یوم پاکستان کی مبارک باد پیش کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے اپنے بیان میں کہا کہ وہ جذبہ جس نے پاکستان کو وجود بخشا، ہمیں ایک روشن مستقبل کی طرف لے جا سکتا ہے۔

اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہمیں سیاسی، معاشی اور سیکیورٹی کے بڑے چیلنجز کا سامنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہادر مسلح افواج مادرِ وطن کے دفاع میں بڑی قربانیاں دے رہی ہیں، اپنی خودمختاری اور جغرافیائی سالمیت کے دفاع کے لیے ثابت قدم رہیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر پاکستانی اپنے اختلافات سے بالاتر ہو کر، تقسیم اور منفی رجحانات کو مسترد کرے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان کو بابائے قوم کی تصور کردہ قوم میں بدلنے کے لیے ثابت قدمی اور اجتماعی وژن کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک ابھرتی قوم سے جوہری طاقت تک کا سفر استقامت اور مضبوط عزم سے طے ہوا، ہمارا سفر ختم نہیں ہوا، ملک کو مزید ترقی کی بلندیوں پر لے کر جانا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایک برس میں ہم نے پاکستان کی معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن کیا، افراط زر کی شرح میں مسلسل کمی اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا۔

شہباز شریف نے مزید کہا کہ عالمی مالیاتی ادارے اور ریٹنگ ایجنسیاں اس تبدیلی کی معترف ہیں، درست پالیسیوں، نیک نیتی اور قومی اتحاد سے ہم معاشی خوشحالی حاصل کر سکتے ہیں۔ 

وزیراعظم نے مزید کہا کہ وطن کی حفاظت میں جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو سلام پیش کرتے ہیں۔

باہمی اختلافات بھلا کر ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے متحد ہونا ہوگا: محسن نقوی

 وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ہمیں باہمی اختلافات بھلا کر وطن عزیز کے مفادات کو مقدم رکھ کر ملکی ترقی و خوشحالی کے لیے متحد ہونا ہوگا۔

یوم پاکستان پر قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 23 مارچ کا دن ہمیں ہمارے آباؤ اجداد کی قربانیوں اور جدوجہد کی یاد دلاتا ہے، یوم پاکستان نا صرف خوشی کا موقع ہے بلکہ مستقبل کے حوالے سے ہماری ذمہ داریوں کی یاد دہانی بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 23 مارچ ہمیں اتحاد، قربانی اور عزم کی تجدید کا درس دیتا ہے، یوم پاکستان پر سب کو قومی یکجہتی اور بھائی چارے کا عہد کرنا چاہیے اور پاکستان کی خاطر ایک ہونا چاہی، باہمی اختلافات بھلا کر وطن عزیز کے مفادات کو مقدم رکھ کر ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے متحد ہونا ہوگا۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ زبانی جمع خرچ کی بجائے حقیقی معنوں میں اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں پر عمل پیرا ہونے کا وقت ہے، پاکستان کی سرزمین ہمارے لیے ایک عظیم تحفہ ہے جس کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، پاکستان کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ قومی یکجہتی اور عزم سے کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ قومی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لیے ہر پاکستانی کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے، دہشت گردی اور انتشار پھیلانے والوں کی پاکستان میں کوئی جگہ نہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جدوجہد جاری ہے اور مکمل خاتمے تک جاری رہے گی، آئیے آج روشن مستقبل کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کریں۔  

مریم نواز کا پاکستان کو ترقی یافتہ ملک بنانے کیلئے تمام صلاحیتیں بروئے کار لانے کا عہد

 وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ یوم پا کستان پر وطن عزیز کو ترقی یافتہ ممالک کی صف میں شامل کرنے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لانے کا عہد کرتے ہیں۔

وزیراعلیٰ مریم نواز نے یوم پاکستان پر پوری قوم کو مبارکباد دی اور بانیان پاکستا ن کی جدوجہد اور شہدا ء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ 23مارچ ہمیں قیام پاکستان کے سنہری اغراض و مقاصد کی یاد دہانی کراتا ہے، اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے پاکستان قائم ہوا اور تا قیامت شاد وآباد رہے گا، پاکستان کو اللہ تعالیٰ نے دنیائے اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بننے کا منفرد اعزاز بھی عطا کیا۔

انہوں نے کہا کہ یوم پاکستان ہمیں حصول پاکستان کی بھرپور جدوجہد کے آغاز کی یاد دلاتا ہے، یوم پاکستان پر پاک سر زمین کے تقدس اور حفاظت کے تقاضوں کے عہد کا اعادہ کیا جانا چاہیے، یوم پاکستان پر اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے سنہری اصولوں کو بھی دہرانا اوریاد رکھنا چاہیے، پاکستان ہم سب کے لئے اللہ تعالی کی عطا کردہ نعمت غیرمترقبہ ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ یوم پاکستان پر غربت میں کمی، عدم مساوات اور معاشرے کے کمزور طبقات کے تحفظ کا عہد کرتے ہیں ، یوم پاکستان پر عہد کرتے ہیں پنجاب کو قائد اعظم اور دیگر بانیانِ پاکستان کے ویژن کے مطابق بلندیوں پر گامزن کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ یوم پاکستان پر تعلیم، صحت، زراعت میں جدت کا عہد کرتے ہیں ، پنجاب کو پاکستان کی معیشت کا انجن اور ترقی کا مرکز بنائیں گے۔  

یوم پاکستان ہمیں اتحاد، قربانی اور حب الوطنی کا درس دیتا ہے: سرفراز بگٹی

وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ یوم پاکستان ہمیں اتحاد، قربانی اور حب الوطنی کا درس دیتا ہے۔

یوم پاکستان پر اپنے پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے قوم کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 23 مارچ کا دن ہمیں عزم، یکجہتی اور قربانیوں کی یاد دلاتا ہے، یوم پاکستان ہمیں اتحاد، قربانی اور حب الوطنی کا درس دیتا ہے، ملک و قوم کی سلامتی اور ترقی کیلئے ہمیں ہر قربانی دینے کا عہد کرنا ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے ریاست ہر ممکن اقدامات کر رہی، دشمن عناصر کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دینگے۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ دہشت گردوں اور سہولت کاروں کیلئے بلوچستان میں کوئی جگہ نہیں، بلوچستان کے عوام نے ہمیشہ دہشت گردی کے خلاف ریاست کا ساتھ دیا، سکیورٹی فورسز اور عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔

Watch Live Public News