ویب ڈیسک: پنجاب کے ضلع شیخوپورہ سے اغوا ہونے والے نومولود بچے کو بازیاب کروا لیا گیا۔ پولیس نے بچے کو اغوا کرنے والی خاتون اور اس کے ساتھی کو گرفتار کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہناہےکہ مشعل نامی ملزمہ نے 4 دن کے بچے کو گھر سے اغوا کیا تھا۔ ملزمہ بچے کو لیکر ننکانہ چلی گئی تھی۔ ملزمہ نے اعتراف کیا ہے کہ بے اولاد ہونے کی وجہ سے بچے کو اغوا کیا۔
بچے کے والدین نے پولیس کا شکریہ ادا کرتے کہا کہ پولیس نے 24 گھنٹوں میں ہمارا بچہ بازیاب کرالیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق نومولود بچے کو اغواء کیا گیا۔ تھانہ صدر کے علاقہ کوٹ رنجیت سے بچہ کو نامعلوم خاتون اور مرد نے اغواء کیا تھا۔ اطلاع موصول ہوتے ہی پولیس نے فوری مقدمہ درج کیا۔
ایس ایچ او تھانہ صدر میاں نوید اشرف نے اپنی ٹیم کے ہمراہ ہیومن انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اغواء کار ملزمان کو ننکانہ سے گرفتار کرلیا۔
بعد ازاں اے ایس پی سٹی شاہ زیب مشتاق نے نومولود بچے کو والدین کے حوالے کر دیا۔