ویب ڈیسک: سندھ حکومت نے عیدالفطر کے موقع پر صرف ٹرانسپورٹ افسران کی چھٹیاں منسوخ کر دیں،تاکہ اپنے پیاروں کے ہمراہ عید منانے کے لیے جانے والے عوام کو اضافی کرایوں سے بچایا جا سکے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے عیدالفطر کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں تاہم اس کا اطلاق صرف ٹرانسپورٹ افسران پر ہوگا اور وہ ایام عید میں بدستور اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
اس حوالے سے سندھ کے وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کا کہنا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ کے عملے کی عیدالفطر کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں تاکہ اپنے پیاروں کے ہمراہ عید منانے کے لیے جانے والے عوام کو اضافی کرایوں سے بچایا جا سکے۔
ان کا کہنا ہے کہ سندھ حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کو عیدالفطر کے موقع پر سفری سہولتوں میں مشکلات پیش نہ آئیں۔ اس لیے عوام کی سہولت کیلئے صوبے میں ٹرانسپورٹ افسران اپنی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے عوام سے کہا کہ کوئی شہری اضافی کرایہ ادا نہ کرے۔ انہوں نے متنہ کیا کہ اضافی کرایوں کی وصولی کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
یاد رہے کہ تہواروں بالخصوص ہر سال عیدالفطر اور عیدالاضحیٰ کے موقع پر ٹرانسپورٹرز کی جانب سے مسافروں سے من مانا کئی گنا کرایہ زائد وصول کرنے کی شکایات موصول ہوتی ہیں۔