(ویب ڈیسک ) وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی کے تحت پیکج تیار کیا جا رہا ہے جس کا اعلان جلد کر دیا جائے گا ۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاور ڈویژن کے امور پر اہم جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ قابل تجدید توانائی کا فروغ حکومت کی ترجیح ہے ۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو سولرآئزیشن پالیسی کے حوالے سے عوام میں پائے جانے والے تمام ابہام کو حقائق اور اعدادوشمار کی بنیاد پر دور کرنے کی ہدایت کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ شمسی توانائی کے حوالے سے حکومت کی پالیسی اور ترجیحات میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ، جینریشن کمپنیوں کی نجکاری کے حوالے سے تمام تر قانونی اور دیگر امور جلد از جلد طے کئے جائیں ۔
انہوں نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز تر کرنے کی ہدایت بھی کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ بجلی کے نرخوں میں کمی کے حوالے سے ایک جامع اور مؤثر حکمت عملی کے تحت پیکج تیار کیا جا رہا ہے جس کا اعلان جلد کر دیا جائے گا،پاور سیکٹر میں اصلاحات کی بدولت عوام کو بجلی کی قیمتوں میں مزید ریلیف فراہم کریں گے۔
توانائی کے شعبے کے حوالے جامع حکمت عملی کے لئے وزیراعظم شہباز شریف نے پاور ڈویژن ، آبی وسائل ڈویژن اور پیٹرولیم ڈویژن میں ہم آہنگی مزید بہتر کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر پاور ڈویژن سردار اویس احمد لغاری ، وزیراعظم کے مشیر ڈاکٹر توقیر شاہ اور متعلقہ اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی٫ جبکہ وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد خان چیمہ اور وزیراعظم کے مشیر محمد علی نے بذریعہ وڈیو لنک اجلاس میں شرکت کی۔