(ویب ڈیسک ) یوم پاکستان پر ایوان صدر میں مختلف شعبہ زندگی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو اعلیٰ ترین سول اعزازات سے نوازا گیا۔ شہید ذوالفقاربھٹو کو بعد از وفات نشان پاکستان عطا کیا گیا۔ شہید ذوالفقار بھٹو کا اعزاز ان کی بیٹی صنم بھٹو نے وصول کیا۔
یوم پاکستان پر ایوان صدر میں اعلیٰ ترین سول اعزازات کی تقریب ہوئی، مختلف شعبہ زندگی میں نمایاں کارکردگی والوں کو اعزازات دیئے گئے۔ تقریب میں چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی۔
بانی پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیر اعظم شہید ذوالفقاربھٹو کو بعد ازوفات نشان پاکستان عطا کیا گیا۔ شہید ذوالفقار بھٹو کا اعزاز ان کی بیٹی صنم بھٹو نے وصول کیا۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کا بیان :
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو نشان پاکستان کا اعزاز ملنے پر بیان میں کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے بانی اور ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم کو بعد از شہادت اعلی ترین سول اعزاز ملنا تاریخ کا اہم سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ آئینِ پاکستان کے خالق شہید ذوالفقار علی بھٹو کیلئے نشانِ پاکستان کا اعزاز بھٹوازم کے نظرئیے کی ایک اور فتح ہے، پاکستان کے سابق وزیرخارجہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کو نشانِ پاکستان کا اعزاز ملنا ان کی ملک کے لئے گرانقدر خدمات کا اعتراف ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ قائدعوام شہید ذوالفقار علی بھٹو نے عوام کو حقوق حاصل کرنے کی جدوجہد کا شعور دیا، وقت کے آمر نے فخر ایشیاء شہید ذوالفقار علی بھٹو کی آواز دبانے کی کوشش کی مگر وہ آج بھی گڑھی خدا بخش سے راج کررہے ہیں، پاکستان پیپلزپارٹی بھٹوازم کی پیروکار ہے اور اپنے شہید بانی کے مشن پر ہمیشہ کاربند رہے گی۔