ویب ڈیسک: وزیراعظم شہباز شریف نے اہم فیصلے کے تحت سرکاری گاڑیوں میں ہائی آکٹین ایندھن کے استعمال پر فوری طور پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ اقدام ہائی آکٹین فیول پر پٹرولیم لیوی میں اضافے کے فیصلے کے تسلسل میں اٹھایا گیا ہے۔
جاری بیان کے مطابق سرکاری خرچ پر ہائی آکٹین ایندھن کے استعمال پر سخت پابندی ہوگی۔ اگر کسی محکمے میں اس کا استعمال ناگزیر ہو تو متعلقہ افسر کو اپنی ذاتی لاگت سے یہ ایندھن اپنی گاڑی میں ڈلوانا ہوگا۔ تمام وفاقی محکموں، اتھارٹیز اور ذیلی اداروں کو فوری عمل درآمد کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
اس اقدام کا بنیادی مقصد ملکی قومی وسائل کا مؤثر، شفاف اور ذمہ دارانہ استعمال یقینی بنانا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں 50 فیصد کمی اور 60 فیصد گاڑیوں کو گراؤنڈ کرنے کے اقدامات کیے جا چکے ہیں۔ ان اقدامات سے حاصل بچت کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور سستا ایندھن مہیا کرنے پر استعمال کیا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ کفایت شعاری پالیسی پر سختی سے عمل اور غیر ضروری اخراجات میں کمی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اس سے حکومتی اخراجات میں کمی آئے گی اور عوام کے ٹیکس کے پیسوں کا بہتر استعمال ممکن ہوگا۔
علاوہ ازیں متعلقہ حکام کو فیصلے کی نگرانی کے لیے مؤثر نظام وضع کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں ذمہ داران کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی، جس میں کوئی رعایت نہیں ہوگی۔