ویب ڈیسک: یومِ پاکستان کے موقع پر چین کے صدر شی جن پنگ نے صدر آصف علی زرداری کو تہنیتی پیغام بھیج کر پاکستان کی قومی خودمختاری، آزادی، علاقائی سالمیت اور قومی وقار کے تحفظ کے عزم کو سراہا۔
اپنے پیغام میں چینی صدر نے کہا کہ پاکستان نے مختلف خطرات اور چیلنجز کے باوجود قومی ترقی کے سفر کو کامیابی سے آگے بڑھایا اور خطے میں امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان کی ترقیاتی کامیابیوں پر دلی خوشی کا اظہار کیا۔
شی جن پنگ نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کی روایتی دوستی کو مزید فروغ دیا جائے، اسٹریٹجک روابط مضبوط کیے جائیں اور ترقیاتی حکمت عملیوں میں ہم آہنگی بڑھا کر جدیدیت کے سفر میں مشترکہ طور پر آگے بڑھا جائے۔ چینی صدر نے پاک چین تعلقات کی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری کے ساتھ مل کر مشترکہ مستقبل کی شراکت داری کو مضبوط بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
دوسری جانب چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے بھی یومِ پاکستان کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی اور دوطرفہ تعلقات کے فروغ اور تعاون کے عزم کو دہرایا۔