ویب ڈیسک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ایران کے بجلی گھروں پر ممکنہ حملے پانچ روز کے لیے موخر کرنے کے اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
امریکی کروڈ آئل کی قیمت میں 10 فیصد کمی ہوئی اور یہ 88.34 ڈالر فی بیرل پر آ گئی، جبکہ برطانوی کروڈ آئل میں بھی 10 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور فی بیرل قیمت 101.49 ڈالر تک گر گئی۔
صدر ٹرمپ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹروتھ سوشل پر کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازع کے مکمل اور جامع حل کے لیے ایران کے ساتھ گزشتہ دو دنوں میں انتہائی مثبت اور نتیجہ خیز تعمیری بات چیت ہوئی ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ ایران کے بجلی گھروں اور توانائی کی تنصیبات پر تمام ممکنہ فوجی کارروائیاں پانچ دن کے لیے موخر کر دی گئی ہیں۔ امریکی صدر نے کہا کہ یہ فیصلہ جاری ملاقاتوں اور مذاکرات کی کامیابی سے مشروط ہے اور اس ہفتے تک تعمیری بات چیت جاری رہے گی۔