ویب ڈیسک: پنجاب حکومت نے رمضان المبارک کے بعد مارکیٹوں کے پرانے اوقاتِ کار دوبارہ نافذ کر دیے ہیں۔
اس کے تحت پنجاب بھر کی دکانیں، شاپنگ مالز اور مارکیٹس رات 10 بجے بند ہوں گی۔ رمضان کے دوران جاری خصوصی ریلیف کے بعد یہ پرانا شیڈول بحال کیا گیا ہے۔
سرکاری دفاتر کے اوقاتِ کار
وفاقی حکومت نے رمضان کے بعد سرکاری دفاتر کے لیے نئے اوقاتِ کار کا اعلان بھی کر دیا ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یہ اوقات عید کی تعطیلات کے فوری بعد نافذ ہوں گے۔ ایسے دفاتر جہاں ہفتے میں پانچ دن کام ہوتا ہے، وہاں دفتری اوقات صبح 8 بجے سے شام 4 بجے تک ہوں گے، جس میں دوپہر 1 بجے سے 1:30 بجے تک لنچ اور نماز کا وقفہ ہوگا۔ دفاتر جہاں ہفتے میں چھ دن کام کیا جاتا ہے، وہاں اوقات صبح 8 بجے سے دوپہر 3 بجے تک ہوں گے، اور نماز و لنچ کے لیے 1 بجے سے 1:30 بجے تک وقفہ دیا جائے گا۔
حکومتی اعلامیے کے مطابق تمام وفاقی وزارتوں اور ذیلی اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ عید کی چھٹیوں کے بعد ان نئے اوقاتِ کار کی سختی سے پابندی کو یقینی بنایا جائے۔