’’عمران خان معاشی جرائم پر قوم سے معافی مانگیں‘‘

’’عمران خان معاشی جرائم پر قوم سے معافی مانگیں‘‘
لاہور ( پبلک نیوز)پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عمران خان کا جرم صرف مہنگائی کرنا نہیں بلکہ مہنگائی کرنے والی مافیا کی سرپرستی کرنا بھی ہے، دوسروں پر الزامات لگانے والے عمران خان اپنے گریبان میں جھانکیں، پاکستان کے عوام عمران خان کے معاشی جرائم پر انہیں کبھی معاف نہیں کریں گے۔ایک بیان میں چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جب پوری دنیا میں معاشی بحران آیا تھا، اس وقت بھی ملکی معیشت کا اتنا برا حال نہیں تھا کہ جتنا اکیلے عمران خان نے کردیا، عمران خان اپنے محسن ڈکٹیٹر پرویزمشرف کے دور میں ہونے والی 50 فیصد شرح غربت کے ہدف کے تعاقب میں ملک کو تباہی کی جانب لے جارہے ہیں، اگر عمران خان کے بڑھتے قدموں کو نہ روکا گیا تو وہ گھر گھر معاشی بدحالی کی ایسی آگ لگادیں گے کہ جسے دہائیوں میں بجھایا نہ جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ اپنے پیچھے معاشی بربادی کی داستانیں چھوڑ کر عمران خان شوکت عزیز اور پرویزمشرف کی طرح ملک سے باہر چلے جائیں گے، عمران خان کو اپنے معاشی جرائم پر ایک عام آدمی سے معافی مانگنا ہوگی، بیرون ملک سے سخت شرائط پر بھاری قرضے وصول کرکے عمران خان کی کابینہ کرپشن میں ملکی خزانے کا پیسہ اڑارہی ہے۔

Watch Live Public News