ویب ڈیسک: پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیل سے تبادلہ خیال کیا۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان کے مطابق اس رابطے کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے تاریخی، قریبی اور برادرانہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے ہر شعبے میں دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
علاقائی پیش رفت پر بھی کھل کر گفتگو کی گئی اور دونوں ممالک نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر یہ بھی واضح کیا گیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری برسوں پر محیط ہے، اور دونوں ممالک خطے میں ترقی و استحکام کے لیے قریبی رابطے میں رہتے ہیں۔