اسلام آباد: نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ گڈ گورننس کو یقینی بنانے اور عوام الناس کو آگاہی فراہم کرنے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔ تفصیلات کے مطابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ سے آل پاکستان نیوز پیپر سوسائٹی کے وفد نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گڈ گورننس کو یقینی بنانے اور عوام الناس کو آگاہی فراہم کرنے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے۔ ذرائع ابلاغ ریاست کا چوتھا ستون ہیں اور معاشرے کی تعمیر و ترقی اور عوام کی ذہنی اور فکری تربیت میں انتہائی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں میں مزید کہا کہ اسمگلنگ کی روک تھام، بجلی چوری کے تدارک اور دیگر اقدامات سے عام آدمی کو فائدہ پہنچ رہا ہے جس کی آگاہی بڑھانے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے تحت معاشی استحکام کی حکمت عملی کی اہمیت کو عوام تک پہنچانے میں میڈیا اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ وزیر اعظم نے اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے لیے حکومت کے بھر پور تعاون کی یقین دہانی کرواتے ہوئے ہدایت کی کہ اشتہارات کی مد میں اخبارات کے واجبات کی ادائیگی یقینی بنائی جائے اور اس کے لیے تمام وفاقی وزارتوں اور اداروں سے بھی فوری رابطہ کیا جائے۔ اے پی این ایس کے وفد میں صدر محترمہ ناز آفرین، سیکرٹری جنرل سرمد علی، فنانس سیکرٹری شہاب زبیری شامل تھے۔اس کے علاوہ ملاقات میں نگران وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضٰی سولنگی، وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اور دیگر افسران نے شرکت کی۔