لاہور میں کنسر ہسپتال بنے گا، محسن نقوی نے منظوری دیدی،پلان طلب

لاہور میں کنسر ہسپتال بنے گا، محسن نقوی نے منظوری دیدی،پلان طلب
لاہور: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے اصولی منظوری دیتے ہوئے پلان طلب کرلیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مناواں ہسپتال کا دورہ کیا،کینسر ہسپتال کے لئے مجوزہ اراضی اور ہسپتال کی عمارت کا معائنہ کیا۔ وز یراعلیٰ محسن نقوی نے ہسپتال کی مرکزی عمارت سے ملحقہ بلڈنگ کاجائزہ لیا ۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے مناواں ہسپتال کو کینسر ہسپتال میں تبدیل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔ اس موقع پر نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ 14 کروڑ عوام کا صوبہ ہے، ایک بھی سرکاری سٹیٹ آف دی آرٹ کینسر ہسپتال نہیں ہے۔سرکاری سطح پر اعلیٰ معیار کا کینسر ہسپتال پنجاب کے عوام کی ضرورت ہے۔ کینسر کے مریضوں کو سرکاری سطح پر ایک سٹیٹ آف دی آرٹ ہسپتال مہیا کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے کینسر ہسپتال کا ڈیزائن او ردیگر امور جلد طے کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ مشینری او رآلات خریدنے کی بھی پلاننگ کی جائے۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت مناواں ہسپتال کے کمیٹی روم میں اجلاس ہوا ، جس میں کینسر ہسپتال کے امور کا جائزہ لیا گیا ۔ انڈس کے میاں احسن، چیف سیکرٹری،سیکرٹریز صحت، خزانہ، تعمیرات ومواصلات، سپیشل سیکرٹری ہیلتھ، وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
ایڈیٹر

احمد علی کیف نے یونیورسٹی آف لاہور سے ایم فل کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔ پبلک نیوز کا حصہ بننے سے قبل 24 نیوز اور سٹی 42 کا بطور ویب کانٹینٹ ٹیم لیڈ حصہ رہ چکے ہیں۔