ویب ڈیسک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس نے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین میں خونریزی ناقابل قبول ہے۔ فلسطینیوں کیلئے ریاست کا قیام بنیادی حق ہے انعام نہیں۔
فلسطین کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطحی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو ریاستی حل ضروری ہے۔ اس کے لیے عالمی سطح پر کی جانے والی کوششیں قابل ستائش ہیں۔
سیکرٹری جنرل نے مزید کہا کہ اس مسئلے کا واحد حل ایک ہے جس میں دو آزاد ریاستیں ایک دوسرے کو تسلیم کریں، دونوں ریاستیں مکمل طور پر عالمی برادری کا حصہ بن جائیں۔ انہوں نے کہا کہ غزہ کی صورتحال خوفناک ہے، فلسطین میں خونریزی قابل قبول نہیں۔
انتونیو گوتریس نے کہا کہ غزہ میں فوری جنگ بندی اور عوام کو ہنگامی امداد کی فراہمی خطے میں دو ریاستی حل کے حصول کے لیے ڈراؤنے خواب سے نکلنے کا واحد راستہ ہے۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ مغربی کنارے میں یہودی بستیوں کی مسلسل تعمیر اور توسیع کا کوئی قانونی جواز نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ مغربی کنارے میں بستیوں کی توسیع کو ہر قیمت پر روکنا ضروری ہے۔