اٹلی میں فلسطین کےحق میں مظاہرے پھوٹ پڑے،60پولیس اہلکارزخمی

اٹلی میں فلسطین کےحق میں مظاہرے پھوٹ پڑے،60پولیس اہلکارزخمی
کیپشن: اٹلی میں فلسطین کےحق میں مظاہرے پھوٹ پڑے،60پولیس اہلکارزخمی

ویب ڈیسک: اٹلی میں فلسطین کے حق میں ہونے والے مظاہرے بڑے پیمانے پر ہنگامہ آرائی میں تبدیل ہوگئے، جس کے نتیجے میں کم از کم 60 پولیس اہلکار زخمی اور متعدد مظاہرین گرفتار ہوگئے۔ پیر کے روز ملک کے مختلف شہروں میں دس ہزار سے زائد افراد نے فلسطینی ریاست کو تسلیم نہ کرنے اور غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

یہ مظاہرے مزدور یونینز کی جانب سے منظم کی گئی ملک گیر ہڑتال "Let’s Block Everything" کا حصہ تھے، جس کا مقصد غزہ میں جاری قتل عام اور اٹلی کی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف آواز بلند کرنا تھا۔ سب سے شدید جھڑپیں دوسرے بڑے شہر میلان میں ہوئیں جہاں مظاہرین نے مرکزی ریلوے اسٹیشن کے باہر دھرنا دیا اور پولیس کے ساتھ تصادم ہوا۔ پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس اور واٹر کینن کا استعمال کیا، جس کے نتیجے میں 60 سے زائد پولیس اہلکار زخمی اور کم از کم 10 افراد گرفتار ہوئے۔

مظاہرین نے نہ صرف سڑکوں پر دھرنے دیے بلکہ ملک کی اہم بندرگاہوں پر بھی احتجاج کیا۔ وینس، جینوا، لیورنو اور تریئستے کی بندرگاہوں پر کارکنوں نے اسرائیل کو اسلحہ اور سامان کی ترسیل روکنے کے لیے مظاہرے کیے۔ بولونیا میں ہائی وے بلاک کرنے والے مظاہرین کو پولیس نے واٹر کینن سے منتشر کیا جبکہ روم میں ہزاروں افراد نے ریلوے اسٹیشن کے باہر مارچ کیا جس سے ایک مرکزی رنگ روڈ بند ہوگئی۔ جنوبی شہر نیپلز میں بھی مظاہرین نے ریلوے ٹریک پر قبضہ کر کے ٹرینوں کی آمدورفت میں رکاوٹ ڈالی۔

اٹلی کی دائیں بازو کی حکومت کی سربراہ وزیرِاعظم جیورجیا میلونی نے ان مظاہروں کو ’’شرمناک‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’تباہی غزہ میں کسی کی زندگی میں کوئی تبدیلی نہیں لائے گی۔‘‘ میلونی حکومت نے اگرچہ اقوام متحدہ میں فلسطینی ریاست کی حمایت میں ووٹ دیا تھا، مگر تاحال فلسطین کو باضابطہ طور پر تسلیم نہیں کیا جس پر عوامی غصہ بھڑک اٹھا۔

یہ احتجاج ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برطانیہ، آسٹریلیا، کینیڈا، پرتگال اور فرانس سمیت کئی ممالک فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کا اعلان کرچکے ہیں۔ غزہ پر اسرائیلی حملے اب دو سال کے قریب عرصے سے جاری ہیں اور اب تک 65 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ یورپی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ فلسطینی ریاست کی فوری تسلیم عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے۔

Watch Live Public News