سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ انتقال کر گئے

سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ انتقال کر گئے
کیپشن: سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ انتقال کر گئے

ویب ڈیسک: سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ انتقال کر گئے ۔

سعودی پریس ایجنسی کی جانب سے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کے انتقال کی تصدیق کی جاچکی ہے ۔ مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ طویل عرصے سے علیل تھے۔

شیخ عبدالعزیز سینئر علماء کی کونسل کے صدر بھی تھے۔ ان کی نماز جنازہ ریاض کی امام ترکی بن عبداللہ مسجد میں ادا کی جائے گی۔ جبکہ   سعودی فرمانروا شاہ سلمان نے نماز عصر کے بعد   مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ  کی غائبانہ نماز جنازہ مکہ ، مدینہ اور مملکت کی تمام مساجد میں  ادا  کئے جانے کی ہدایت کی ہے۔

سعودی فرمانروا اور ولی عہد کا اظہارافسوس:

سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے مفتی اعظم کے انتقال پر گہرے رنج و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شیخ عبدالعزیز کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مملکت بھر میں علما، سرکاری شخصیات اور عام عوام نے بھی ان کے لیے دعائے مغفرت اور اہلِ خانہ کے ساتھ اظہارِ تعزیت کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا رنج والم کا اظہار: 

وزیراعظم محمد شہباز شریف نےسعودی عرب کے مفتیِ اعظم شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کی وفات پر رنج و الم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم نے کہا ہے کہ شیخ عبدالعزیز بن عبداللہ آل الشیخ کی وفات نہ صرف سعودی عرب بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے لمحہ غم ہے۔مرحوم ایک ایسے جلیل القدر عالمِ دین تھے جنہوں نے اپنی پوری زندگی قرآن و سنت کی ترویج، شریعتِ مطہرہ کی توضیح اور امت کی رہنمائی میں صرف کی۔ان کی  مسلم امہ کے اتحاد  کے لیے کاوشیں اور علمی بصیرت ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام اور حکومت، برادر ملک سعودی عرب کے عوام اور سعودی قیادت کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔دینی و علمی روایت میں مرحوم کی خدمات ایک روشن باب کی حیثیت رکھتی ہیں، اور ان کے چھوڑے ہوئے علمی ورثے سے آنے والی نسلیں رہنمائی حاصل کرتی رہیں گی۔میں مرحوم کے اہلِ خانہ، خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان، اور پوری سعودی قیادت و عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے، ان کی دینی خدمات کو شرفِ قبولیت بخشے۔

Watch Live Public News