اسلام آباد: وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے رات کو عدالتیں کھلنے کی وجہ بتا دی۔ وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عدالتوں کے احکامات کی دھجیاں اڑاتے ہیں اور پھر کہتے ہیں کہ رات کو عدالتں کیوں کھلیں؟، عمران صاحب آپ کا صدر پنجاب میں آئین شکنی کر رہا ہے، اس لئے رات کو عدالتیں کھلتی ہیں ۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عمران صاحب فسطائیت اور آئین شکنی چھوڑیں، پارلیمان کے اغوا کار نہ بنیں، آئین، جمہوریت اور پارلیمان کو یرغمال بناتے ہیں اور پھر کہتے ہیں عدالتیں کیوں کھلتی ہیں؟ ، پوری قوم عارف علوی کی آئین شکنی دیکھ رہی ہے، عدالتیں کھلیں تو عمران صاحب سازش کے جھوٹ بولنے لگیں گے، عدالتوں پر بھی الزام لگانے لگیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب، ان کے صدر علوی، گورنر پنجاب سمیت اس آئین شکن ٹولے کو آرٹیکل 6 کی سزا ملنی چاہیے، عمران صاحب پوری پی ٹی آئی بیمار پڑجائے تب بھی حمزہ شہباز حلف ضرور لیں گے،آپ بیمار ذہن، غیر جمہوری اور فسطائی شخص ہیں ، آپ کا سیاہ دور رات کی سیاہی کی طرح مٹ رہا ہے۔