ویب ڈیسک: سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے "آبی دہشت گردی" قرار دیا ہے۔
اپنے ایک بیان میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ بھارت بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ معاہدے کو یک طرفہ طور پر معطل نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدہ دونوں ملکوں کے درمیان ایک باقاعدہ معاہدہ ہے جس کی خلاف ورزی ناقابل قبول ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کر رہا ہے جنہیں دنیا نظر انداز نہیں کر سکتی۔ شیخ رشید نے زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم اپنی سرزمین کے ایک ایک انچ کی حفاظت کرنا خوب جانتی ہے اور وقت آنے پر بھارت کو بھرپور جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارت نے حال ہی میں سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کا اعلان کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف آبی دباؤ کی پالیسی اختیار کی ہے، جس پر سیاسی و عوامی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آ رہا ہے۔