بھارت کی ہٹ دھرمی: پاکستان کا سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ بلاک کردیا

بھارت کی ہٹ دھرمی: پاکستان کا سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ بلاک کردیا
کیپشن: بھارت کی ہٹ دھرمی: پاکستان کا سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ بلاک کردیا

ویب ڈیسک: پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے ایک بار پھر روایتی ضد اور پاکستان دشمنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بغیر کسی تصدیق یا تحقیقات کے حکومت پاکستان کا ایکس (سابقہ ٹوئٹر) ہینڈل بھارت میں بلاک کر دیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، ہندو انتہا پسند مودی حکومت نے مقبوضہ کشمیر میں پیش آنے والے سانحے کو جواز بناتے ہوئے پاکستان کے سرکاری سوشل میڈیا اکاؤنٹ کو بلا پیشگی اطلاع بند کر دیا، جو کہ بین الاقوامی سفارتی آداب کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

پہلگام واقعہ اور بھارت کا ردعمل

یاد رہے کہ دو روز قبل مقبوضہ کشمیر کے ضلع پہلگام کے ایک مشہور سیاحتی مقام پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 26 افراد جان کی بازی ہار گئے تھے۔

واقعے پر پاکستان کے دفتر خارجہ کی جانب سے گہرے دکھ اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی گئی تھی، تاہم بھارت نے بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزامات کی بوچھاڑ کرتے ہوئے شدید اقدامات کا اعلان کر دیا۔

سندھ طاس معاہدے کی معطلی اور سفارتی عملے کی بے دخلی

بھارتی حکومت نے نہ صرف پاکستان کے ساتھ سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے کا اعلان کیا بلکہ پاکستانی ہائی کمیشن کے عملے کو ناپسندیدہ شخصیت قرار دے کر ایک ہفتے میں ملک چھوڑنے کی ہدایت بھی جاری کر دی۔

یہ اقدامات ایسے وقت میں سامنے آئے ہیں جب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات پہلے ہی کشیدگی کا شکار ہیں۔

پاکستان کا ردعمل: قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس طلب

پاکستان کی جانب سے بھارتی جارحانہ اقدامات کے جواب میں قومی سلامتی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس آج وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت طلب کر لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق، اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت نے شرکت کی ہے۔جہاں خطے کی موجودہ صورتحال پر غور کے ساتھ ساتھ اہم فیصلے کیے جائیں گے۔

Watch Live Public News