(ویب ڈیسک) چیئرمین پی پی بلاول بھٹو کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کے اعلامیے کے مطابق نہروں کی تعمیر کے منصوبے پر عملدرآمد کے لئے مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری لازمی ہو گی۔
چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے وفد کے ہمراہ وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی ۔جس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق حکومت نے دریائے سندھ پر نئی نہروں کی تعمیر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ نہروں کی تعمیر کے منصوبے پر عملدرآمد کے لئے مشترکہ مفادات کونسل کی منظوری لازمی ہو گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صوبوں کے درمیان آبی وسائل کی منصفانہ تقسیم پر عملدرآمد کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی۔کمیٹی میں وفاقی حکومت اور صوبوں کی نمائندگی شامل ہو گی۔ کمیٹی دیرپا زرعی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے سفارشات پیش کرے گی۔
اعلامیے کے مطابق مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس 2 مئی کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔پانی سے جڑے تمام مسائل باہمی اتفاق رائے سے حل کئے جائیں گے۔ سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تمام صوبوں کے تحفظات کو دور کیا جائے گا۔ نہروں کی تعمیر کے مسئلے پر تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا جائے گا۔