سعید غنی کے بھائی فرحان غنی کیخلاف انسداد دہشتگردی کا مقدمہ درج

سعید غنی کے بھائی فرحان غنی کیخلاف انسداد دہشتگردی کا مقدمہ درج
کیپشن: سعید غنی کے بھائی فرحان غنی کیخلاف انسداد دہشتگردی کا مقدمہ درج

ویب ڈیسک: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور صوبائی وزیر سعید غنی کے بھائی فرحان غنی کے خلاف انسداد دہشتگردی کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق صوبائی وزیر کے بھائی کیخلاف مقدمہ سرکاری ملازم حفیظ سہیل کی درخواست پر دائر کیا گیا ہے جس میں انسداد دہشت گردی، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ مدعی کے مطابق 22 اگست کو شارع فیصل سروس روڈ پر فائبر کیبل بچھانے کے کام کی نگرانی کر رہے تھے کہ 3 گاڑیوں میں 20 سے 25 افراد آئے جن میں فرحان غنی، قمراحمد، شکیل اور دیگر شامل تھے۔

ایف آئی آر کے مطابق ملزمان نے پوچھا کہ کس کی اجازت سے زمین کھود رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ سرکاری کام ہے، تمام ادارے این او سی سے چل رہے ہیں، لیکن ان لوگوں نے مجھ پر تشدد کیا، اور مجھے مارنے کی کوشش بھی کی۔

ایف آئی آر کے مطابق مدعی نے بتایا کہ اسے قریبی پٹرول پمپ کے کمرے میں لے جا کر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، پھر پولیس موبائل آئی اور اسے تھانے لے گئی۔

دوسری جانب قبور ٹاؤن کے چیئرمین فرحان غنی دیگر 4 ساتھیوں سمیت تھانہ فیروز آباد پہنچ گئے ہیں اور انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے۔

صوبائی وزیر سعید غنی نے اپنے بھائی فرحان غنی کے خلاف درج مقدمے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میرے بھائی کا سہیل نامی شخص سے کل جھگڑا ہوا تھا اور آج اس نے مقدمہ درج کرایا جو اس کا حق تھا۔

سعید غنی نے لکھا کہ فرحان غنی سمیت تمام لوگ عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کریں گے۔

Watch Live Public News