شدید بارشوں کے باعث دریاؤں میں سیلاب کا الرٹ جاری

شدید بارشوں کے باعث دریاؤں میں سیلاب کا الرٹ جاری
کیپشن: شدید بارشوں کے باعث دریاؤں میں سیلاب کا الرٹ جاری

 ویب ڈیسک: 27 اگست تک بارشوں کے باعث پنجاب کے دریاؤں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ نارتھ اور نارتھ ایسٹ اضلاع میں الرٹ جاری کر دیا گیا۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے کہا کہ بارشوں کے باعث دریائے جہلم، چناب، راوی، ستلج اور ان سے ملحقہ ندی نالوں میں طغیانی کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔ چناب میں آئندہ 48 گھنٹوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈیرہ غازی خان کی رود کوہیوں میں بھی سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔ دریائے ستلج میں گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔ گنڈا سنگھ والا کے مقام پر پانی کا بہاؤ 1 لاکھ 26 ہزار کیوسک ہے۔ ہیڈ سلیمانکی کے مقام پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ سلیمانکی کے مقام پر پانی کی آمد 90 ہزار کیوسک اور اخراج 82 ہزار کیوسک ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں تربیلا کے مقام پر نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے سندھ میں تونسہ، کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔ دریائے راوی جسڑ 49 ہزار شاہدرہ 14ہزار بلوکی 41 ہزار اور ہیڈ سدنائی میں پانی کا بہاؤ 36 ہزار کیوسک ہے۔ نارروال نالہ بسنتر میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔ دریاؤں کے پاٹ میں موجود شہری فوری محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا نے کہا کہ حکومت پنجاب کی جانب سے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم کر دئیے گئے ہیں۔ فلڈ ریلیف کیمپس میں تمام تر بنیادی سہولیات اور ادویات فراہم کی جائیں گی۔ شہریوں سے گزارش ہے کہ موسم و سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ دریاؤں نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیرو تفریح سے گریز کریں۔ بچوں کا خاص خیال رکھیں انہیں دریاؤں ندی نالوں میں ہرگز نہ نہانے دیں۔

Watch Live Public News