جی میل سیکیورٹی الرٹ: گوگل کی صارفین کو پاس ورڈ فوری تبدیل کرنے کی ہدایت 

جی میل سیکیورٹی الرٹ: گوگل کی صارفین کو پاس ورڈ فوری تبدیل کرنے کی ہدایت 

(ویب ڈیسک )     گوگل کی جانب سے   صارفین کو پاس ورڈ فوری تبدیل کرنے کی ہدایت  کردی گئی ہے۔

گوگل نے جی میل استعمال کرنے والے تمام صارفین کو خبردار کرتے ہوئے فوری طور پر اپنے پاس ورڈز تبدیل کرنے کی ہدایت جاری کی ہے تاکہ وہ اپنے اکاؤنٹس کو ہیکنگ حملوں سے محفوظ رکھ سکیں۔ 

یہ انتباہ ایک بڑے سیکیورٹی بریک کے بعد سامنے آیا ہے جس نے گوگل کی اپنی Salesforce ڈیٹابیس میں موجود کمزوریوں کو بے نقاب کیا۔

 فوربس کی رپورٹ کے مطابق ہیکرز نے اس ڈیٹابیس کو کامیابی سے ہیک کیا، جس کے بعد گوگل نے تسلیم کیا کہ ہیکرز "متاثرہ پاس ورڈز" کو استعمال کرتے ہوئے بڑی تعداد میں اکاؤنٹس تک رسائی حاصل کر چکے ہیں۔

اس واقعے کے بعد گوگل کا کہنا ہے کہ اب دنیا بھر کے 2.5 ارب جی میل صارفین خطرے میں ہیں۔

مزید تشویش کی بات یہ ہے کہ اس دوران فراڈیوں نے گوگل کی اے آئی ٹیکنالوجی کا غلط استعمال کرتے ہوئے جعلی سپورٹ اسٹاف بن کر لوگوں کو دھوکہ دینا شروع کر دیا ہے، اور ای میلز و فون کالز کے ذریعے صارفین کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

ان حالیہ واقعات سے پہلے ہی گوگل صارفین کو سیکیورٹی بڑھانے کی تجویز دے چکا تھا، جس میں خاص طور پر ایس ایم ایس پر انحصار نہ کرنے والے 2 فیکٹر آتھنٹیکیشن (2FA) اور پاس کیز (Passkeys) کو بطور ڈیفالٹ سائن ان طریقہ اپنانے کی ہدایت شامل تھی۔

ٹو ایف اے (2FA)کیوں ضروری ہے؟

اگرچہ گوگل کی جانب سے سیکیورٹی بڑھانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں، لیکن اب بھی بہت سے صارفین صرف پاس ورڈز اور بنیادی ٹو فیکٹر آتھنٹیکیشن(2FA)پر انحصار کرتے ہیں۔ بدقسمتی سے، یہ طریقہ کار صارفین کو ایسے حملوں کے لیے کھلا چھوڑ دیتا ہے جن میں جعلی سائن اِن پیجز بنا کر پاس ورڈز چرائے جاتے ہیں۔ بعض اوقات ہیکرز صارفین کو دھوکہ دے کر ان سے(2FA) کوڈز بھی حاصل کر لیتے ہیں یا مکمل طور پر سیکیورٹی نظام کو بائی پاس کر لیتے ہیں۔

حال ہی میں ایمیزون اور پے پال جیسے اداروں پر ہونے والے سیکیورٹی حملوں نے واضح کیا ہے کہ کمزور پاس ورڈز صارفین کے لیے سنگین خطرہ بن سکتے ہیں، خاص طور پر جب وہ ایک ہی پاس ورڈ کئی اکاؤنٹس میں استعمال کرتے ہیں۔ گوگل کے مطابق، صرف 36 فیصد صارفین باقاعدگی سے اپنے پاس ورڈز تبدیل کرتے ہیں، جو اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ پاس ورڈ مینجمنٹ میں مزید احتیاط کی ضرورت ہے۔

اپنا جی میل اکاؤنٹ کیسے محفوظ بنائیں؟

گوگل کا مشورہ ہے کہ اگر آپ نے اس سال اپنا پاس ورڈ تبدیل نہیں کیا تو فوراً نیا پاس ورڈ سیٹ کریں۔ پاس ورڈ بنانے اور محفوظ رکھنے کے لیے براؤزر کے اندر موجود مینیجر کے بجائے الگ سے پاس ورڈ مینیجر کا استعمال کریں۔

مزید سیکیورٹی کے لیے اپنی(2FA) سیٹنگ کو تبدیل کر کے آتھنٹی کیٹر ایپ پر لے آئیں، اور اگر ابھی تک نہیں کیا تو پاس کی (Passkey) سیٹ کریں۔

پاس کی فعال کرنے کے بعد، اسے ہی سائن اِن کا بنیادی طریقہ بنائیں۔ اگر کسی ڈیوائس پر، جس پر پاس کی موجود ہے، آپ سے پاس ورڈ مانگا جائے تو اسے خطرے کی علامت سمجھیں۔

یاد رکھیں کہ  کبھی بھی ای میلز میں دیے گئے لنکس کے ذریعے سائن اِن نہ کریں، چاہے وہ گوگل کی طرف سے نظر آئیں — یہ فشنگ حملے ہو سکتے ہیں۔

اگر آپ یہ حفاظتی اقدامات اب اپنائیں تو آپ اپنے جی میل اکاؤنٹ کو غیر مجاز رسائی سے بچا سکتے ہیں اور اسے زیادہ محفوظ بنا سکتے ہیں۔

Watch Live Public News