ویب ڈیسک: وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے بحرین کے وزیر داخلہ لیفٹیننٹ جنرل راشد بن عبداللہ الخلفیہ کا ٹیلی فونک رابطہ ، بحرین کے وزیرداخلہ نے پاکستان میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی نقصان پر اظہار افسوس کیا۔
بحرینی وزیر داخلہ نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا، بحرینی وزیر داخلہ نے سیلاب متاثرین کے لئے پاکستانی ہم منصب محسن نقوی کو ہرممکن مدد کی پیشکش کی۔
بحرینی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ مشکل کی گھڑی میں پاکستانی بہن بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے حاضر ہیں۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے سیلاب متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی پر بحرینی ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے انتہائی متاثرہ ملک ہے، سیلاب، بارشوں اور کلاوڈ برسٹ سے ہونے والی تباہی الفاظ میں بیان نہیں کی جا سکتی۔