21 عالمی کرکٹ کپتانوں کا وزیراعظم کو دوبارہ خط، عمران خان کے علاج کی اپیل

21 عالمی کرکٹ کپتانوں کا وزیراعظم کو دوبارہ خط، عمران خان کے علاج کی اپیل
کیپشن: 21 عالمی کرکٹ کپتانوں کا وزیراعظم کو دوبارہ خط، عمران خان کے علاج کی اپیل

ویب ڈیسک: دنیا کے 21 معروف سابق کرکٹ کپتانوں نے وزیراعظم شہباز شریف کو ایک اور خط لکھ کر سابق کپتان اور بانی پی ٹی آئی عمران خان کے طبی علاج اور معائنے سے متعلق اپنی اپیل کا اعادہ کیا ہے۔

خط میں کرکٹ کے سابق عالمی کپتانوں نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان کے حوالے سے حالیہ پیش رفت سپریم کورٹ کی ہدایات کے مطابق نہیں ہے۔ خط میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو اسپتال منتقل کرنے کی ہدایت کی تھی تاکہ طبی بورڈ ان کا معائنہ کرسکے۔ خط کے مطابق اس طبی بورڈ میں عمران خان کے ذاتی معالجین اور ان کی بہن ڈاکٹر عظمیٰ خان کو بھی شامل کیا جانا تھا۔

سابق کپتانوں نے مزید کہا کہ عدالت نے عمران خان کے اہل خانہ کے ساتھ ہفتہ وار ملاقاتوں کا سلسلہ بحال کرنے کی بھی ہدایت کی تھی۔

خط پر دستخط کرنے والوں میں مائیکل ایتھرٹن، ایلکس بلیک ویل، ایلن بارڈر، مائیکل بریرلی، گریگ چیپل، ایئن چیپل، بیلنڈا کلارک، ایلسٹر کک، مائیک گیٹنگ، سنیل گاوسکر، لی جرمین، ایڈم گلکرسٹ، ڈیوڈ گاور، کم ہیوز، ناصر حسین، کلائیو لائیڈ، کپل دیو، ارجنا راناٹنگا، اینڈریو اسٹراس، دلیپ وینگسارکر، اسٹیو وا اور جان رائٹ شامل ہیں۔

سابق کرکٹ کپتانوں نے وزیراعظم سے عمران خان کے طبی معائنے اور علاج کے حوالے سے عدالتی ہدایات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی اپیل کی ہے۔

Watch Live Public News