ویب ڈیسک: آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے لیے سیاسی رابطے تیز ہوگئے ہیں، مسلم لیگ (ن) نے پاکستان پیپلز پارٹی سے بیک ڈور رابطے کرکے حکومت میں شمولیت کی دعوت دی ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے پیپلز پارٹی کو آزاد کشمیر حکومت میں شامل ہونے کی پیشکش کرتے ہوئے صدر اور ڈپٹی اسپیکر سمیت اہم عہدے دینے کی تجویز دی ہے۔
تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے ن لیگ کی پیشکش مسترد کرتے ہوئے اسمبلی میں اپوزیشن کا کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی آئندہ وزیراعظم، اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے عہدوں کے لیے اپنے امیدوار میدان میں اتارنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
پیپلز پارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ سے کسی بھی قسم کی بات چیت بعض حلقوں میں دوبارہ انتخابات کی شرط سے مشروط ہے۔ پیپلز پارٹی کا مؤقف ہے کہ مسلم لیگ (ن) نے مظفرآباد مذاکرات میں طے پانے والے اور تسلیم شدہ نکات پر بھی عمل درآمد نہیں کیا۔
آزاد کشمیر میں حکومت سازی کے معاملے پر دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی رابطوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری ہے۔