آئی فون 18 پرو کی قیمت میں 100 ڈالر تک اضافے کا امکان

آئی فون 18 پرو کی قیمت میں 100 ڈالر تک اضافے کا امکان

(ویب ڈیسک) ایپل کی جانب سے رواں سال ستمبر میں متوقع نئی آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمتوں میں اضافے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

بلوم برگ کے معروف تجزیہ کار مارک گرمان کے مطابق ایپل، آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کی قیمت میں تقریباً 100 ڈالر تک اضافے پر غور کر رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 پرو اور آئی فون 18 پرو میکس کی ابتدائی قیمت 1,199 ڈالر مقرر کیے جانے کا امکان ہے، جو آئی فون 17 پرو کے مقابلے میں تقریباً 100 ڈالر زیادہ ہوگی۔ پاکستانی کرنسی میں یہ قیمت تقریباً ایک لاکھ 15 ہزار روپے بنتی ہے، تاہم پاکستان میں حتمی قیمت ٹیکسز اور دیگر عوامل کے باعث مختلف ہوسکتی ہے۔

قیمت میں اضافے کی وجہ کیا ہے؟

رپورٹ کے مطابق آئی فون 18 پرو کی قیمت بڑھانے کی ایک بڑی وجہ DRAM اور NAND اسٹوریج کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہوسکتی ہیں۔ ایپل کو میموری اور اسٹوریج کے پرزہ جات کی لاگت میں اضافے کا سامنا ہے، جس کے باعث کمپنی صارفین تک اضافی لاگت منتقل کرنے پر غور کر رہی ہے۔

مارک گرمان کے مطابق 100 ڈالر کا ممکنہ اضافہ میموری اور اسٹوریج کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے مقابلے میں نسبتاً محدود ہوگا۔

دیگر آئی فون ماڈلز کی قیمتوں میں بھی اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ رپورٹس کے مطابق آئی فون 17، آئی فون ایئر اور آئی فون 17e بھی ممکنہ طور پر قیمتوں میں اضافے کی زد میں آسکتے ہیں۔

ایپل کی جانب سے آئی فون 18 پرو سیریز کو ستمبر میں متعارف کرائے جانے کی توقع ہے۔ نئی آئی فون سیریز کے ساتھ ایپل کا پہلا بک اسٹائل فولڈ ایبل آئی فون بھی سامنے آنے کی اطلاعات ہیں، جبکہ نئے ایپل واچ اور ایئر پوڈز ماڈلز بھی لانچ کیے جاسکتے ہیں۔

تاہم آئی فون 18 پرو کی نئی قیمت سے متعلق تمام تفصیلات فی الحال غیر حتمی ہیں۔ ایپل نے قیمتوں میں اضافے کی باضابطہ تصدیق نہیں کی، اس لیے حتمی قیمت کا اعلان کمپنی کی جانب سے لانچ ایونٹ کے موقع پر ہی متوقع ہے۔

Watch Live Public News