ویب ڈیسک: بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اور سینیئر فلم ڈائریکٹر شیام بینیگل 90 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شیام بینیگل کی بیٹی نے پیر کی شام ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے والد کے انتقال کی تصدیق کی۔
انہوں نے بتایا کہ شیام بینیگل کئی سالوں سے علیل تھے اور طویل عرصے سے گردوں کے عارضے میں مبتلا تھے۔زبیدہ اور منتھن جیسی شاہ کار فلمیں بنانے والے شیام بینیگل کو بھارتی فلم انڈسٹری میں آرٹ فلموں کی نئی لہر کا خالق قرار دیا جاتا ہے۔ شیام بینیگل نے چند روز قبل ممبئی میں اپنے 90ویں جنم دن کا جشن اپنے اہل خانہ اور فلم انڈسٹری کے قریبی دوستوں کے ساتھ منایا تھا۔
سینیئر فلم ڈائریکٹر کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد بھارتی فلم انڈسٹری سے وابستہ افراد اور اداکاروں کی جانب سے افسوس کا اظہار کیا جارہا ہے۔
شیام بینیگل کو ’انکر‘، ’نشانت‘ اور ’منتھن‘ جیسی فلموں کے ذریعہ ہندوستانی سنیما میں متوازی سنیما کی شروعات کرنے کا سہرا دیا جاتا ہے، شیام بینیگل کو 1976 میں پدم شری اور 1991 میں پدم بھوشن کے اعزاز سے نوازا گیا تھا۔بینیگل کو 2007 میں ’دادا صاحب پھالکے ایوارڈ‘ سے نوازا گیا تھا۔
بینیگل کو نئے دور کی فلموں کے لیے یاد کیا جاتا ہے۔ بینیگل کو 1970 اور 1980 کی دہائی میں ’انکر‘، ’نشانت‘ اور ’منتھن‘ جیسی فلموں کے ذریعہ ہندوستانی فلم میں متوازی سنیما کی شروعات کرنے کا سہرا دیا جاتا ہے۔ ’بھومیکا‘، ’جنون‘، ’منڈی‘، ’سورج کا ساتواں گھوڑا‘، ’ممو‘ اور ’سرداری بیگم‘ کو ہندی سنیما میں ان کی آرٹ فلموں میں شمار کیا جاتا ہے۔ اپنے شاندار کیریئر میں بینیگل نے متنوع ایشوز پر فلموں کے علاوہ ڈاکیومنٹری اور ٹیلی ویژن سیریل بھی بنائے، جن میں ’بھارت ایک کھوج‘ اور ’سنویدھان‘ شامل ہیں۔
انہوں نے 2023 میں بنگلہ دیش کے بانی شیخ مجیب الرحمان کی زندگی پر بننے والی فلم ’’مجیب: دی میکنگ آف اے نیشن‘‘ کی ہدایات بھی دی تھیں۔ بطور ہدایت کار یہ ان کی آخری فلم تھی۔
وہ واحد فلم ہدایت کار ہیں جن کو بہترین ہندی فیچر فلم کے لیے 5 مرتبہ نیشنل فلم ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اس کے علاوہ انھیں 2012 میں ساؤتھ ایشین سنیما فاؤنڈیشن کے ’ایکسی لنس اِن سنیما ایوارڈ‘ سے بھی سرفراز کیا گیا۔
شیام بینیگل حیدرآباد میں پیدا ہوئے تھے۔ انہوں نے اپنے کیریئر کا آغاز بطور کاپی رائٹر کیا تھا۔ ہدایت کار نے 1962 میں گجراتی زبان میں اپنی پہلی دستاویزی فلم ’گھر بیٹھا گنگا‘ بنائی۔ شیام بینیگل نے 1990 کی دہائی میں ہندوستان کی مسلم خواتین پر مرکوز فلمیں بنائیں، جس کا آغاز ‘ممو’ سے ہوا۔ یہ فلم 1994 میں ریلیز ہوئی تھی۔ اس کے بعد انہوں نے ‘سرداری بیگم’ اور ‘زبیدہ’ کے ذریعے ہندوستانی مسلم خواتین کی زندگیوں کو بیان کیا۔ ہدایت کار نے ‘زبیدہ’ کے ساتھ بالی ووڈ مین اسٹریم سنیما میں قدم رکھا تھا، جس میں بالی ووڈ اسٹار کرشمہ کپور نے اداکاری کی تھی۔