ویب ڈیسک: بالائی علاقوں میں غضب کی ٹھنڈ پڑی، مری ، گلیات، نتھیا گلی،ایوبیہ میں برفباری سے سیاحتی مقام کا قدرتی حسن مزید نکھر گیا جبکہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلا ع میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق برفباری سے سیاح لطف اندوز ہوتے رہے، آزاد کشمیر میں بھی شدید سردی پڑی، پونچھ میں بنجوسہ جھیل جم گئی، بالائی وادی نیلم میں پارہ منفی 19 تک گر گیا، گلگت بلتستان میں سردی کا 10 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، اوسط درجہ حرارت منفی 8 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ لہہ منفی 9، سکردو منفی 8، گوپس میں پارا منفی 7 تک گر گیا، استور، گلگت اور کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 05 ریکارڈ، بگروٹ، کالام اور قلات میں ٹمپریچر منفی 4 سینٹی گریڈ، چترال، دیر، ہنزہ میں پارا منفی 3 ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلا ع میں موسم خشک اور سرد رہے گا،خیبر پختو نخوا کے بالائی اضلاع میں ہلکی بارش اور برف باری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہو گا،خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں صبح اور شام کے وقت دھند ہو گی،چارسدہ،نوشہر ہ،مردان،صوابی،پشاور،ڈی آئی خان میں دھند کا راج رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق دھند کے باعث پشاور ایم ون موٹروے بند صبح اور شام کے وقت بند رہے گی،شہر پشاور کا کم سے کم درجہ حرارت ایک سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے،دیر اپر منفی 8،کالام منفی5،شانگلہ منفی 3،چترال،تورغر،ایبٹ آباد میں منفی 2سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
بلوچستان میں شدید سردی کے باعث کوئٹہ میں سڑکوں پر کھڑا پانی جم گیا جب کہ زیارت میں درجہ حرارت منفی 10 تک گر گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گوادر میں کم سے کم درجہ حرارت 10 اور جیوانی میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔ اسی طرح نوکنڈی میں 2، چمن میں منفی ایک، سبی میں 3، تربت میں 8 ، زیارت میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 10 اور ژوب میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔
صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 5 اور قلات میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
موسمیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں موسم صبح اور رات کے اوقات میں شدید سرد رہے گا جب کہ صوبے کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور سرد رہے گا۔
دوسری جانب کوئٹہ میں صبح سویرے پھسلن کے واقعات میں متعدد موٹر سائیکل و سائیکل سوار گر کر زخمی ہو گئے۔ مقامی ذرائع کے مطابق شدید ٹھنڈ کے باعث سڑکوں پر کھڑا پانی جم گیا ہے۔