مذاکرات کی بیل چڑھتی نظر نہیں آ رہی، دعا ہے کامیاب ہو جائیں: شیخ رشید

مذاکرات کی بیل چڑھتی نظر نہیں آ رہی، دعا ہے کامیاب ہو جائیں: شیخ رشید
کیپشن: مذاکرات کی بیل چڑھتی نظر نہیں آ رہی، دعا ہے کامیاب ہو جائیں: شیخ رشید

ویب ڈیسک: سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مذاکرات کی بیل چڑھتی نظر نہیں آ رہی، دعا ہے کہ مذاکرات کامیاب ہو جائیں۔

تفصیلات کے مطابق اے ٹی سی راولپنڈی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میں نے تو 40 دن کا چلہ کاٹا ہے، پھر دو بار سسرال (جیل) بھی گیا۔انہوں نے کہا کہ مذاکرات کرنے چاہئیں،انتقام کی طرف نہیں جانا چاہیے۔

مذاکرات سے قوم میں ایک نئی روشنی پیدا ہوگی، مذاکرات کو مذاق کی رات نہ بنایا جائے، جیلیں آباد اور غریب لوگ برباد ہو رہے ہیں، چاہتے ہیں کہ مذاکرات سے جیلوں کے دروازے کھلیں اور جوڈیشل کمیشن بنے۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی کہتا ہوں سیاسی قیدیوں کو معافی دی جائے، حکومتیں معافی دیتی ہیں، حکومت اس وقت عالمی دباؤ کا شکار ہے یہ نہ ہو معیشت مزید بیٹھ جائے،آئندہ ہفتوں میں بعض اہم فیصلے کرنے ہوں گے ورنہ عالمی دباؤ ہمارے خلاف نہیں حکومت کے خلاف زیادہ بڑھ جائے گا۔

سابق وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سٹاک ایکسچینج کے بجائے کسی ریڑھی والے سے حالات پوچھیں، سٹاک ایکسچینج سیاست کی ایکسچینج ہے، ہماری انٹرنیشنل سطح پر فضا خراب ہو رہی ہے، حق میں کوئی گواہی نہیں دے رہا،عوام نالاں ہے چاہتی ہے حکومت ختم ہو ،میرے ایک بندے سے تعلق ہے وہی نبھانے کی کوشش کر رہا ہوں،ایسا ماحول بن رہا ہے کہ پاکستان معاشی طور پر تباہی کے دھانے پر ہے۔باقی نہ میں پی ٹی آئی میں ہوں، جو پوچھنا ہے ان کے لیڈرز سے پوچھیں۔مجھ پر اتنے کیسز بنا دیئے گئے کہ زندگی سے اکتاہٹ پیدا ہو چکی ہے۔

Watch Live Public News