یوکرین جنگ: پاکستانی طلبہ کو جلد واپس لوٹنے کی ہدایت

یوکرین جنگ: پاکستانی طلبہ کو جلد واپس لوٹنے کی ہدایت
کیف: (ویب ڈیسک) یوکرین میں تعینات پاکستانی سفیر نے تمام طلبہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ جنگ کے خطرے کے پیش نظر جتنی جلدی ممکن ہو سکے وطن واپس لوٹ جائیں۔ پاکستانی سفیر میجر جنرل ریٹائرڈ نول اسرائیل کھوکھر اور یوکرین میں موجود پاکستانی طلبہ کے درمیان ایک زوم میٹنگ ہوئی تھی۔ اس اجلاس میں تقریباً 40 پاکستانی طلبہ نے شرکت کی جو یوکرین کے مختلف شہروں اور تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم پاکستانی طلبہ کی نمائندگی کر رہے تھے۔ بی بی سی کے مطابق اس میٹنگ میں میجر جنرل (ر) نول اسرائیل کھوکھر نے طلبہ سے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے طلبہ کو ہدایت ہے کہ وہ کشیدگی کے پیش نظر جلد از جلد واپس پاکستان لوٹ جائیں۔ ان کا مزید کہنا تھا ’جو طالب علم اپنی کسی ذمہ داری کی وجہ سے وطن واپس نہیں جائیں گے، سفارت خانہ انھیں ہر قسم کی مدد فراہم کرتا رہے گا۔‘ اس میٹنگ کے ایک دن بعد ہی روس کے صدر نے یوکرین میں فوجی آپریشن کا اعلان کر دیا ہے۔ پاکستانی سفارتخانے نے یوکرین کی وزارت تعلیم اور سائنس کو ایک خط کے ذریعے بتایا ہے کہ اس نے پاکستانی شہریوں بالخصوص طالب علموں کو ہدایت کی ہے کہ وہ عارضی طور پر یوکرین چھوڑ دیں۔ اس خط کے ذریعے یوکرین کے حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ پاکستانی طالب علموں کو رواں سمسٹر کے دوران جون تک آن لائن تعلیم فراہم کی جائے یا اس وقت تک جب تک یوکرین میں صورتحال دوبارہ معمول کے مطابق نہیں آ جاتی ہے۔ اسی طرح سفارتخانے نے ایک اور خط کے ذریعے پاکستانی طالب علموں، جو کہ ابھی پاکستان سے یوکرین نہیں پہنچے ہیں مگر ان کے مختلف تعلیمی اداروں میں داخلے ہو چکے ہیں، کو ہدایت کی ہے کہ وہ حالات کی بہتری تک پاکستان میں ہی رہیں۔ یوکرین میں کتنے پاکستانی طالب علم موجود ہیں، یہ تعداد ابھی واضح نہیں ہے۔ تاہم یوکرین میں موجود پاکستانی کمیونٹی کے رہنماؤں کے مطابق یہ تعداد تین ہزار کے قریب ہو سکتی ہے۔ سفارتخانے نے یوکرین میں موجود پاکستانی طلبہ سے خود کو سفارتخانے میں رجسڑ کروانے کی بھی ہدایت کی ہے۔ پاکستانی طلبہ کا کہنا ہے کہ انھوں نے صورتحال کے پیش نظر پاکستان واپسی کا فیصلہ کیا ہے۔ صرف چند ایک طلبہ، جن کی اکثریت فورتھ اور فائنل ایئر میں ہے، نے صورتحال کا مزید جائزہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ طالب علموں نے میٹنگ کے دوران سفارت خانے سے آسان روٹ کے علاوہ سستے ٹکٹوں کے حصول میں مدد طلب کی ہے۔ خیال رہے کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ٹی وی پر قوم سے خطاب کے دوران یوکرین کے ڈونباس خطے میں ’فوجی آپریشن‘ کا اعلان کرتے ہوئے یوکرینی فوجیوں سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ اس اعلان سے قبل ہی یوکرین کی پارلیمان نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر دی تھی جبکہ وہاں موجود کئی پاکستانی طلبہ کا کہنا ہے کہ انھیں مجبوری میں وطن واپسی کا فیصلہ کرنا پڑے گا۔

Watch Live Public News