(ویب ڈیسک ) نجی ایئرلائن ایئر کراچی نے پاکستان میں چینی مسافر بردار طیارے متعارف کروانے کا اعلان کر دیا ہے۔ ایئرلائن کے مطابق اندرونِ ملک سفر کرنے والے مسافر رعایتی قیمتوں میں سفر کا فائدہ اٹھا سکیں گے۔
ایئر کراچی کے چیئرمین حنیف گوہر کے مطابق ابتدا میں ان چینی طیاروں کو چینی پائلٹ خود آپریٹ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ چینی طیاروں کی قیمت ایئر بس اور بوئنگ کے مقابلے میں نصف ہے، جس کے باعث ان کی لیز بھی کم قیمت پر حاصل کی جائے گی، اور اس کا براہِ راست فائدہ مسافروں کو ہوگا۔
چیئرمین ایئر کراچی نے بتایا کہ ان طیاروں کے استعمال سے ٹکٹ کی قیمتوں میں 40 فیصد تک کمی ممکن ہو سکے گی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ چینی طیاروں کے سیمیولیٹر اور ریزرو انجن بھی پاکستان منتقل کیے جائیں۔
حنیف گوہر نے بتایا کہ چینی ساختہ طیارہ 919 ماڈل ہے اور اس میں 150 مسافروں کے بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن اتھارٹی کو چینی طیاروں پر کوئی اعتراض نہیں اور وہ اجازت دینے کے لیے تیار ہے۔